حیدرآباد: تلنگانہ ریاست کے سینئر آئی پی ایس افسر وی کے سنگھ جنہوں نے مرکزی حکومت کو اپنا استعفیٰ روانہ کیا ہے ، نے آج کہا کہ ان کے استعفیٰ کو لے کر کئی قیاس آرائیاں لگائی جارہی ہیں جس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ سبکدوش ہونے کے بعد وہ سرگرم سیاست میں شامل ہوجائیں گے ۔ وی کے سنگھ نے آج جاری کئے گئے اپنے بیان میں کہا کہ نہ سیاست اور نہ ہی سیاستداں تلنگانہ اسٹیٹ کو سنہری ریاست بناسکتے ہیں لیکن عوام یہ کارنامہ انجام دے سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دستور کے مطابق عوام جمہوریت میں کسی کو بھی برسر اقتدار لانے میں اہم رول ادا کرنا چاہئے لیکن موجودہ صورتحال میں وہ اعلیٰ کاروں کے کٹھ پتلی بن کر رہ گئے ہیں اور اس کے لئے سیاست اور سیاستدانوں کو ذمہ دار قرار نہیں دینا چاہئے چونکہ عوام خود غلطی کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ واضح طور پر کہا کہ سبکدوشی کے بعد وہ عوام کے درمیان رہ کر کام کرنا چاہتے ہیں ۔ واضح رہے کہ وی کے سنگھ نے حکومت کے رویہ کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ کو اپنا استعفیٰ روانہ کیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ 2 اکتوبر یعنی یوم پیدائش مہاتما گاندھی کے دن اپنی خدمات سے سبکدوش ہونا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت ان کی خدمات حاصل کرنے سے قاصر ہے۔
