آئی پی ایل سے آئی سی سی کے اجلاس کا ٹکراؤ

   

ممبئی ۔14 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) اور ہندوستان کے درمیان رسہ کشی نئی بات نہیں۔ میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ہندوستان مارچ میں آئی سی سی کی بورڈ اجلاس میں تبدیلی کا خواہاں ہے تاہم آئی سی سی نے انکار کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل )کے آئندہ ایڈیشن کے آغاز کے موقع پر دبئی میں آئی سی سی بورڈ اجلاس کی تاریخیں آگے بڑھانے کی درخواست کی تھی۔ اہم اجلاس دبئی میں27 سے 29 مارچ کو مقرر ہے۔ جبکہ 29 مارچ کو آئی پی ایل کا افتتاحی میچ کھیلا جانا ہے جو اس سے ٹکرائے گا۔ آئی سی سی کے بموجب ہندوستانی بورڈ کی تحریری درخواست ملی ہے لیکن یہ ناممکن ہے کیونکہ اجلاس کے لیے تمام ضروری اقدامات مثلاً ہوٹلز کی بکنگز، مندوبین کیلئے رہائش اور سفری انتظامات کیے جاچکے ہیں۔ ہم نے ارکان کو اس سے متعلق گذشتہ برس اگست میں مطلع کردیا تھا۔ آئی سی سی اجلاس پہلے ہی طے کرلیے گئے تھے اور اگلی سالانہ کانفرنس کیپ ٹائون میں جولائی 17 اور 18 کو ہوگی۔ اب یہ سوال بورڈ سے پوچھا جانا چاہیے کہ اس نے آئی پی ایل کیلئے انہی تاریخوں کو کیوں منتخب کیا ہے ۔