آئی پی ایل میں آسٹریلوی آل راؤنڈر کو بولنگ سے روک دیاگیا

   

نورنمنٹ کے مہنگے ترین کھلاڑی کیمرون گرین کی12دنوں میں واپسی متوقع
نئی دہلی ۔ 30؍مارچ( ایجنسیز )انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) کے مہنگے ترین غیر ملکی کھلاڑی اور آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین کو ٹورنامنٹ میں بولنگ کرنے سے روک دیا گیا جس کے بعد مہنگے ترین کرکٹر کے بولنگ نہ کرانے پر میڈیا میں سوالات اٹھائے جانے لگے ہیں۔کیمرون گرین کو 25 کروڑ 20 لاکھ روپے میں آئی پی ایل کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے خریدا تھا۔کیمرون گرین آئی پی ایل کے مجموعی طور پر تیسرے جبکہ مہنگے ترین اوورسیز پلیئر ہیں تاہم انھوں نے کے کے آر کی طرف سے ممبئی انڈینز کے خلاف میچ میں بولنگ نہیں کی۔ہائی اسکورنگ میچ میں کے کے آر کو شکست کے بعد ہر کسی نے کیمرون گرین کی بولنگ سے غیر حاضری کو نوٹ کیا۔ کے کے آر کے کپتان اجنکیا رہانے نے کیمرون گرین کے حوالے سے سوال پر کہا کہ اس کا جواب کرکٹ آسٹریلیا سے پوچھیں۔ترجمان کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق کیمرون گرین کو کمر کے نچلے حصے میں ہونے والی انجری کی احتیاط کے سبب مختصر وقت کیلئے بولنگ سے روکا گیا ہے تاہم کے کے آر کو اس حوالے سے باقاعدہ طور پر بتا دیا گیا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کیمرون گرین ہندوستان میں بولنگ لوڈ کا خیال رکھ رہے ہیں۔ ان کی 10 سے 12 روز میں بولنگ میں واپسی ہو سکتی ہے۔