نئی دہلی ۔ 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) امپائرکی ایک غلطی ایک ٹیم کی شکست اوردوسری کی کامیابی طے کردیتی ہے جس پر کئی مرتبہ تنقیدیں بھی ہوئی ہیں۔آئی پی ایل کے گزشتہ سیزن میں کچھ ایسا ہی دیکھنے کوملا تھا۔ ٹورنمنٹ کے دوران میدان میں کھڑے امپائروں نے کئی مواقع پرنوبال کوسمجھنے میں غلطی کردی، جس کا خمیازہ ایک ٹیم کو شکست کے طورپربھگنتا پڑا۔ امپائروں کی اس غلطی کی وجہ سے زبردست ہنگامہ ہوا لہذا اب بی سی سی آئی کے صدرسوروگنگولی نے اس غلطی کوروکنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جلد ہی آئی پی ایل میں نوبال کیلئے ایک اورامپائرمقررکیا جاسکتا ہے۔ ممبئی میں ہوئی گورننگ کونسل کے اجلاس میں نوبال کے موضوع پرتبادلہ خیال ہوا، جس کے بعد گنگولی نے اس کے پیش نظرایک اہم فیصلہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق گنگولی نے اے جی ایم کے دوران فیصلہ کیا کہ فرنٹ فٹ نوبال پرمسلسل تھرڈ امپائر نظررکھے گا۔ بی سی سی آئی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہیکہ جلد ہی آئی پی ایل میں صرف نوبال پرنظررکھنے کیلئے ایک اورامپائرتعینات کیا جائیگا۔ آئی پی ایل گورننگ کاؤنسل کے ایک سینئررکن نے اطلاع دی کہ اگرسب کچھ ٹھیک ٹھاک رہا توآئی پی ایل کے آئندہ سیزن سے نوبال پرنظررکھنے کیلئے خاص امپائرتعینات ہوسکتا ہے۔ یہ امپائرچارامپائروں سے الگ ہوگا، جس کا کام صرف اورصرف فرنٹ فٹ نوبال پرنظر رکھنا ہوگا۔ آئی پی ایل میں اس طرح کے فیصلے کونافذ کرنے کیلئے بی سی سی آئی نے اس کا جائزہ بھی لیا ہے۔ ہندوستان ۔ بنگلہ دیش کے درمیان ہوئے ڈے نائٹ ٹسٹ کے دوران ایک امپائرکوصرف نوبال پرنظررکھنے کیلئے تعینات بھی کیا گیا تھا۔گنگولی کا تجربہ کامیاب بھی رہا۔ شاید اسی لئے اب وہ اسے آئی پی ایل میں نافذ کرنے کے لئے تیارنظرآرہے ہیں۔ واضح رہیکہ آئی پی ایل کے گزشتہ سیزن میں ممبئی اوررائل چیلنجرس بنگلوراورممبئی اورچینائی کے میچ کے دوران امپائروں سے بڑی غلطی ہوئی تھی۔ دونوں ہی مقابلوں میں امپائروں نے فرنٹ فٹ نوبال نہیں دیا تھا جس کا خمیازہ رائل چیلنجرس بنگلوراورچینائی سوپر کنگس کوبھگتنا پڑا تھا۔