نئی دہلی ۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کنگس الیون پنجاب کے مشترکہ مالک نیس واڈیہ نے بی سی سی آئی کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے تجویز پیش کی ہیکہ آئندہ برس آئی پی ایل 2020ء کے ہر مقابلہ سے قبل ہندوستانی قومی ترانے کو بجایا جانا چاہئے۔ قومی ترانہ عام طور پر بین الاقوامی مقابلہ سے قبل بجایا جاتا ہے لیکن واڈیہ محسوس کرتے ہیں کہ بی سی سی آئی کو جہاں اس نے پہلے ہی افتتاحی تقریب ختم کردی ہے وہیں قومی ترانے کو بھی ہر مقابلہ سے قبل پیش کیا جانا چاہئے۔ قومی ترانہ پہلے ہی انڈین سوپر لیگ (فٹبال) اور پروکبڈی لیگ میں ہر مقابلہ سے قبل پیش کیا جاتا ہے اور اب آئی پی ایل کے مقابلوں سے قبل بھی قومی ترانے کو پیش کرنے کی تجویز پیش کی جارہی ہے۔ یاد رہے بی سی سی آئی نے پہلے ہی اخراجات پر قابو پانے اور اس پیسے کو پلوامہ حملہ کے شہدا ء کے افراد خاندان کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔