آئی پی ایل میں 8 نوجوان کھلاڑی توجہ کا مرکز

   

انڈین پریمیئر لیگ 2025 میں 8 کھلاڑی ایسے ہیں جن پر نظریں مرکوز ہیں ۔ 22 سالہ رابن منج گزشتہ سیزن میں ڈیبیو کرنے والے تھے لیکن ایک سڑک حادثے کی وجہ سے انہیں کھیلنے کا موقع نہیں ملا لیکن اب انہوں نے واپسی کی ہے اور اس بار وہ ممبئی انڈینزکے لیے کھیلتے نظر آئیں گے۔ ممبئی کی ٹیم نے انہیں 65 لاکھ روپے میں خریدا ۔ منج کے پاس اس وقت صرف2 فرسٹ کلاس اور 7 ٹی20 میچوں کا تجربہ ہے لیکن بائیں ہاتھ کے وکٹ کیپر منج پہلے ہی ایک جارحانہ بیٹر کے طور پر اپنی شناخت بنا چکے ہیں۔ جھارکھنڈ کے منج بھی دھونی کی طرح ہیلی کاپٹر شاٹ مار سکتے ہیں۔ ان کے بیٹ کی رفتار اور دھماکہ خیز اندازکو دیکھ کر انہیں اگلا دھونی اور کرس گیل کہا جا رہا ہے۔ اس فہرست میں صرف 13 سال کی عمر میں، ویبھو سوریاونشی ایک نوجوان اسٹارکے طور پر ابھرے ہیں۔ وہ آئی پی ایل معاہدہ حاصل کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔ راجستھان رائلزکی ٹیم نے انہیں میگا نیلامی میں1.1 کروڑ روپے میں خریدا۔ بائیں ہاتھ کا ویبھو بڑے شاٹس مارنے کے لیے جانا جاتا ہے۔ گزشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف یوتھ ٹسٹ میں انہوں نے صرف 58 گیندوں میں سنچری بنائی اور انڈر19 کی سطح پر ایسا کرنے والے سب سے تیز ہندوستانی بیٹر بن گئے۔ اس کے بعد انہوں نے انڈر 19 ایشیا کپ میں دو نصف سنچریاں بنائیں۔ انہوں نے بہارکے لیے انڈر 19 میں ٹرپل سنچری بھی بنائی ہے۔ حال ہی میں راجستھان کے کپتان سنجو سیمسن نے بھی ان کی کافی تعریف کی۔ سریانش شیڈگے نے ممبئی کی ٹیم کو سید مشتاق علی ٹی20 ٹورنمنٹ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ودربھ کے خلاف کوارٹر فائنل میں 12 گیندوں میں ناقابل شکست 36 رن بنائے اور مدھیہ پردیش کے خلاف فائنل میں 15 گیندوں میں ناقابل شکست 36 رن بنائے۔ اس کے علاوہ سوریانش نے 9 اننگز میں 8 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ 22 سالہ سوریانش کا یہ دوسرا آئی پی ایل سیزن ہوگا، لیکن اب تک انہیں ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا ہے۔ اس بار پنجاب کنگز نے انہیں 30 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر خریدا۔ اس سے قبل 2023 میں وہ لکھنؤ سوپرجائنٹس کا حصہ تھے۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر پریانش آریہ نے دہلی پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران ایک اوور میں 6 چھکے لگا کر ہلچل مچا دی۔ انہوں نے 50 گیندوں میں 120 رنز بنائے اور آیوش بدونی کے ساتھ 286 رنزکی شراکت داری کی۔ اس اننگز سے وہ سرخیوں میں آئے۔ ڈی پی ایل کے دوران انہوں نے 10 اننگز میں 199 کے اسٹرائیک ریٹ سے 608 رنز بنائے اور ٹورنمنٹ کے ٹاپ اسکورر رہے۔ اس کے بعد سید مشتاق علی ٹرافی میں بھی انہوں نے 9 اننگز میں177 کے اسٹرائیک ریٹ سے 325 رنز بنائے۔ اس دوران آریہ نے یوپی کے خلاف سنچری بھی بنائی۔ اس بار وہ پنجاب کنگزکی ٹیم کا حصہ ہیں، جس نے انہیں 3.4 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ 20 سالہ لیگ اسپنر وپراج نگم افغانستان کے راشد خان کے بہت بڑے مداح ہیں۔ ان کی طرح وہ اپنی رفتار اور پچ پر اپنی گرفت کے لیے جانا جاتا ہے۔ اس بار وہ دہلی کیپٹلس کے لیے کھیلنے جا رہے ہیں۔ یو پی ٹی20 لیگ کے دوران لکھنؤ فالکنز کے لیے کھیلتے ہوئے، اس نے 11 اننگز میں 11.15 کے اسٹرائیک ریٹ اور 7.45 کی اکانومی سے 20 وکٹیں حاصل کیں۔ اس شاندار کارکردگی کی بنیاد پر انہیں یوپی کی سینئر ٹیم کے لیے ڈیبیوکرنے کا موقع ملا۔ وہ لوور آرڈر میں بڑے شاٹس مارنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس فہرست میں ایک بیرونی نام 28 سالہ ریان رکیلٹن کا ہے جو اس بار آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس کے لیے روہت شرما کے ساتھ اوپننگ کرنے جا رہے ہیں۔ اس جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز نے ایس اے20 2025 میں ممبئی انڈینزکی فرنچائز ایم آئی کیپ ٹاؤن کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے چمپئنز ٹرافی کے دوران بھی اپنی شناخت چھوڑی تھی۔ ایس اے 20 میں پاور پلے کے دوران انہوں نے 177.41 کے سب سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کی۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ دھماکہ خیز بیٹنگ کے ماہر ہیں ۔ ممبئی کی ٹیم نے انہیں ایک کروڑ روپے میں خریدا تھا۔کوربن بوش کا نام گزشتہ سال کی میگا نیلامی کے دوران بولی کے لیے بھی نہیں آیا تھا لیکن ان کی قسمت نے ان کا ساتھ دیا اور ٹورنمنٹ کے آغاز سے عین قبل ممبئی انڈینز نے انہیں زخمی ولیمزکے متبادل کے طور پر شامل کیا۔ 30 سالہ آل راؤنڈر بوش نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے لیے بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا ہے۔ لیکن گزشتہ کچھ عرصے میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی شناخت بنائی ہے۔ سن رائزرز حیدرآباد نے میگا نیلامی کے دوران ایشان ملنگا کو 1.2کروڑ میں خریدا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے سری لنکا کے لیے ونڈے اور پارل رائلز کے لیے ایس اے20 ڈیبیو کیا۔ ایشان 2019 میں فاسٹ بولنگ کا مقابلہ جیتنے کے بعد پہلی بار سب کی توجہ حاصل کی۔ وہ نئی گیند کو سوئنگ کرنے اور ڈیتھ اوورز میں درست یارکر پھینکنے میں ماہر ہے۔