حیدرآباد۔ 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی کامیاب ترین دو ٹیموں ممبئی انڈینس اور چینائی سوپر کنگس کے درمیان کل یہاں حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم اوپل میں ٹورنمنٹ کا فائنل کھیلا جائے گا جیسا کہ دونوں ہی ٹیموں نے فی کس تین مرتبہ خطابات حاصل کئے ہیں اور کل دونوں ہی ٹیموں کو آئی پی ایل کی کامیاب ترین ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل ہوجائے گا کیونکہ جو بھی ٹیم کامیابی حاصل کرے گی وہ چوتھی مرتبہ خطاب اپنے نام کرے گی۔ فائنل میں مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپر کنگس پر روہت شرما کی زیرقیادت ممبئی انڈینس ٹیم کو کسی قدر سبقت حاصل ہوگی کیونکہ ممبئی نے ٹورنمنٹ میں تین مرتبہ چینائی کو شکست دی ہے جس میں آخری مرتبہ دونوں ٹیموں کا کوالیفائر 1 میں آمنا سامنا ہونا ہے جہاں چینائی کو شکست دے کر ممبئی انڈینس نے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ دوسری جانب چینائی نے گزشتہ مقابلے میں دہلی کیپٹلس کو بہ آسانی شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ ممبئی کی ٹیم کل بلند حوصلوں کے ساتھ فائنل کھیلے گی کیونکہ اس نے گزشتہ چار فائنل مقابلوں میں تین مرتبہ فتوحات حاصل کی ہیں جس میں 2013ء اور 2015ء کے فائنلس میں چینائی سوپر کنگس کے خلاف کامیابی بھی ہے۔ دوسری جانب تین مرتبہ کی چمپین چینائی سوپر کنگس آٹھویں مرتبہ فائنل کھیل رہی ہے اور رواں سیزن اس نے دو سالہ پابندی کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے نہ صرف ٹورنمنٹ کے زیادہ تر مقابلوں میں نمبر ایک ٹیم کا موقف برقرار رکھا بلکہ فائنل تک رسائی بھی حاصل کی ہے۔ چینائی کے لئے مہیندر سنگھ دھونی کے شاندار فام کے علاوہ ٹاس آرڈر میں فاف ڈوپلیسی اور شین واٹسن کے ہمراہ امباٹی رائیڈو اور سریش رائنا بیٹنگ شعبہ کی طاقت ہے جبکہ بولنگ میں عمران طاہر ٹورنمنٹ کے کامیاب ترین دوسرے بولر ہیں۔ ممبئی کیلئے جہاں بولنگ شعبہ طاقتور ہے جس میں جسپریت بمراہ اور لستھ ملنگا کے علاوہ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا مقابلہ کو تنہا ٹیم کے حق میں بدل سکتے ہیں۔ بیٹنگ شعبہ میں کپتان روہت شرما کے ہمراہ وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈیکاک اسٹار بیٹسمین ہیں تو سوریہ کمار نے بھی گزشتہ مقابلے میں اپنی اہمیت کو ثابت کیا ہے۔اس مقابلے میں تمام تر توجہ ہاردک پانڈیا اور حریف بولر عمران طاہر کے مظاہروں پر مرکوز ہوگی کیونکہ یہ دو ایسے کھلاڑی ہیں جو کہ مقابلہ کو صرف ایک اوور میں اپنی ٹیم کے حق میں کرسکتے ہیں۔