آئی پی ایل کے بھی ملتوی ہونے کا امکان

   

نئی دہلی ۔24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے اثرات کی وجہ سے اس سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) منسوخ ہونے کا خدشہ ہے۔ بی سی سی آئی پہلے ہی لیگ کو پندرہ اپریل تک ملتوی کرچکا ہے۔ آئی پی ایل ری ویو کمیٹی کے اجلاس کو موخر کردیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق موجودہ حالات میں اس سال آئی پی ایل کا انعقاد ناممکن دکھائی دے رہا ہے۔ برجش پٹیل، سربراہ آئی پی ایل گورننگ کونسل کے بموجب فی الحال آئی پی ایل کے بارے میں کوئی بات کرنا ممکن ہی نہیں ہے۔ دوسری جانب کیریبین لیگ بھی سنجیدہ نوعیت کے خطرات سے دوچار ہے لیکن منتظمین نے کہا ہے کہ اس موقع پر قیاس آرائیاں درست نہیں ہے۔ ابھی تک منتظمین دعویٰ کررہے ہیں کہ ٹورنمنٹ شیڈول کے مطابق 19 اگست سے26 ستمبر تک ہوگا۔ سی ایل انتظامیہ نے کہا ہے کہ ہم کورونا پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ماہر ڈاکٹروں سے رابطے میں ہیں اس موقع پر کوئی قیاس آرائی درست نہیں ہے۔ متبادل منصوبے پر بھی غور کررہے ہیں۔یادرہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کرکٹ اور فٹبال اور دیگر کھیل ملتوی ہورہے ہیں۔