حیدرآباد ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے یہاں حیدرآباد میں آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز کے پہلے مقابلہ کے ضمن میں میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی ٹیم کے 12 یا 13 مقامات پہلے ہی پُر کئے جاچکے ہیں لہٰذا آئی پی ایل کے مظاہرے ورلڈ کپ میں شمولیت کی ضمانت نہیں ہوں گے۔ کوہلی نے کہا کہ وہ یہ بالکل نہیں سمجھتے کہ آئی پی ایل کے مظاہروں کا ورلڈ کپ کی ٹیم کے انتخاب پر کوئی اثر پڑے گا کیونکہ ورلڈ کپ ایک الگ ٹورنمنٹ ہے۔ یہ قیاس کیا جارہا تھا کہ دنیش کارتک اور رشپھ پنت کے انتخاب میں آئی پی ایل کے مظاہروں کا کلیدی رول رہے گا لیکن کوہلی نے واضح کردیا ہیکہ آئی پی ایل کے مظاہرے ورلڈ کپ کی ٹیم کے انتخاب پر اثرانداز نہیں ہوں گے۔ کوہلی کے بموجب اگر کسی ایک یا دو کھلاڑی کیلئے آئی پی ایل مایوس کن ہوتا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ ورلڈ کپ کی ٹیم کی دوڑ سے باہر ہے کیونکہ ورلڈ کپ کی ٹیم کے انتخاب میں کھلاڑیوں کی صلاحیت اور ریکارڈس کو مدنظر رکھا جائے گا۔