ملبورن۔23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کی ونڈے ٹیم کے کپتان آرون فنچ نے کہاکہ اگر کورونا وبا کی وجہ سے آئی پی ایل اور ان کے گھریلو سیزن منعقد نہیں ہو پاتا ہے تو ان کے ملک کے کرکٹروںکو بڑامالی نقصان ہوگا لیکن اس صورتحال کوقبول کرنا پڑے گاکیونکہ اس میں ہم سب ایک ساتھ ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ وہ آئی پی ایل کے لیے اپنے کھلاڑیوں کو دیئے گئے این او سی کا جائزہ کرے گا اور اب حکومت نے سفر پابندیاں بھی لگا دی ہے جس سے اس ٹی 20 لیگ کے بعد میں شروع ہونے پر بھی اس میں آسٹریلیائی کرکٹرزکا حصہ لینا مشکل ہو سکتا ہے۔ آئی پی ایل پہلے 29 مارچ سے شروع ہونا تھا لیکن اب اسے 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ فنچ نے کہاکہ جب آپ آمدنی اشتراک کرنے کے ماڈل کا حصہ ہوتے ہیں تو ایسے میں تنظیم کے مشکل میں پڑنے پر آپ بھی متاثر ہوتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیںکہ اس میں ہم سب ایک ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے پورا یقین ہے کہ آگے سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا لیکن ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ ایسا کب ہوگا۔آسٹریلیا کے کم ازکم 17 کرکٹروںکو آئی پی ایل کے ساتھ معاہدہ ہے۔اس کے علاوہ اس کے بہت سے دوسرے لوگ بھی میدان سے الگ اس ٹورنمنٹ سے جڑے ہوئے ہیں۔ آسٹریلیا کو اس سال کے آخرمیں ٹسٹ سیریز اور ٹی 20 ورلڈکپ کے لئے ہندوستان کی میزبانی کرنی ہے۔