مدھیہ پردیش میں بس اور کنٹینر میں تصادم‘مظفرنگر میںتیز رفتار بس نے پیدل مزدوروں کو رونددیا
گنا، 14 مئی ( سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع گنا کے صدرمقام کے نزدیک با ئی پاس شاہراہ پر بس اور کنٹینر کی ٹکر کی وجہ سے سات مزدوروں کی موت ہو گئی اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ یہ مزدوراترپردیش کے رہنے والے تھے، جو مہاراشٹر سے اپنے گھر واپس لوٹ رہے تھے ۔پولیس ذرائع کے مطابق علی الصبح پیش آئے اس حادثے میں کنٹینر میں سوار مزدوروں کی موت ہو گئی۔ ذرائع نے کہا کہ کینٹ تھانہ علاقے میں صبح تقریبا تین بجے یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدوروں کو لے جا رہے کنٹینر کی مخالف سمت سے آنے والی بس سے ٹکر ہو گئی ۔ مہلوکین کی شناخت ابراہیم، اجیت، ارجن، وسیم، رمیش اور سدھیر کے طور پر ہوئی ہے ۔ ادھراترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے گھلولو چیک پوسٹ اور روہانا ٹول پلازہ کے نزدیک ایک تیز رفتار بس نے پیدل جارہے مزدوروں کو کچل دیا جس سے چھ مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دیگر چار شدید طور سے زخمی ہوگئے ۔پولیس ذرائع نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ کل دیر رات مظفر نگر۔سہارنپور نیشنل ہائی وے ۔59 کے گھلولی چیک پوسٹ اور روہانا ٹول پلازہ کے درمیان اترپردیش ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی تیز رفتار بس نے پیدل جارہے مزدوروں کو کچل دیا۔ اس حادثے میں باپ۔بیٹے سمیت چھ مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دیگر چار افراد شدید طور سے زخمی ہوگئے ۔انہوں نے بتایا کہ سبھی مزدور پنجاب سے پیدل بہار جارہے تھے ۔حادثے کے بعد بس کو لے کر فرار بس ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے مزدوروں کی شناخت ہریک سنگھ(52) ان کے بیٹے وکاس(22)،گڈو(18)،واسو دیو(22)،ہریش ساہنی(42) اور ویریند(28) کے طور پر ہوئی ہے ۔ یو پی کے ضلع کوشامبی کے کوکھراج علاقے میں الہ آباد۔کانپور نیشنل ہائی وے پر ممبئی سے لوٹ رہے ایک مہاجر مزدور کی ٹرک سے گر کر موت ہوگئی۔پولیس ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ ضلع جونپور باشندہ راہل(27) ممبئی میں رہ کر کام کرتا تھا۔ جمعرات کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ ٹرک سے اپنے گھر واپس آرہا تھا۔