آبادی ملک کی ترقی میں رکاوٹ: سبی رامی ریڈی

   

نئی دہلی24جون (سیاست ڈاٹ کام ) راجیہ سبھا میں آج اراکین نے ملک میں بڑھتی آبادی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے خوشحالی اور ترقی میں رخنہ پڑرہا ہے ۔کانگریس کے ٹی سبی رامی ریڈی نے پیر کو ایوان میں وقفہ صفر کے دوران آبادی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہاکہ ملک کی آبادی ابھی 137کروڑ ہے اور 2027میں یہ چین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 140کروڑ ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اگر ملک کی آبادی اسی حساب سے بڑھتی رہی تو 2059میں ہماری آبادی 165کروڑ تک پہنچ جائے گی۔اسے آبادی دھماکہ قرار دیتے ہوئے مسٹر ریڈی نے کہا کہ یہ مسئلہ آہستہ آہستہ ایسی خطرناک شکل اختیار کررہا ہے کہ اس کی وجہ سے ملک کی خوشحالی اور ترقی بری طرح متاثر ہورہی ہے ۔ بے روزگاری اور نقص غذائیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ آبادی میں اضافہ کو کنٹرول کئے بغیر ملک کا تیزی سے ترقی کرنا ممکن نہیں ہے ۔ کئی اراکین نے ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے حمایت ظاہر کی۔چیرمین ایم ونکیا نائیڈونے بھی کہا کہ یہ سنگین معاملہ ہے اور ایوان بالا میں اس طرح کے اہم امور پر بحث ہونی چاہئے ۔