آبرسانی و آبپاشی کیلئے باقاعدہ برقی سربراہی کی ہدایت

   

شادنگر میں محکمہ برقی کے ساتھ جائزہ اجلاس‘ رکن اسمبلی ویرلا شنکر کا خطاب
شادنگر۔ 15؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ گرمیوں کے موسم میں برقی کی فراہمی میں کسی قسم کی خرابی پیدا نہ ہو اس کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت شادنگر ایم ایل اے ویرلاپلی شنکر نے بجلی محکمہ کے عہدیداروں کو دی۔ رنگا ریڈی ضلع کے شادنگر شہر میں واقع برقی محکمہ کے ڈویژن دفتر میں حلقہ کے بجلی عہدیداروں کے ساتھ ایم ایل اے ویرلاپلی شنکر نے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔اس موقع پر اجلاس میں شریک میونسپل چیئرمین اگنور باسویشور اور وائس چیئرمین اندے موہن سمیت دیگر کو بجلی محکمہ کے عہدیداروں نے باعزت طور پر تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر ایم ایل اے ویرلاپلی شنکر نے برقی محکمہ کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرمیوں کے دوران عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہو اس بات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ برقی کی فراہمی پر ہی تمام نظام کا انحصار ہوتا ہے ، اس لیے معیاری برقی فراہم کی جائے اور اس کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ گرمیوں میں بجلی کی قلت پیدا نہ ہونے دی جائے۔ خاص طور پر برقی کی کمی کی وجہ سے کہیں بھی فصلیں خشک نہ ہوں اور پینے کے پانی و آبپاشی کے لیے کوئی دشواری نہ آئے، اس کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ یہ ہدایات ڈی ای شیام سندر ریڈی کے ذریعہ عملے تک پہنچائی گئیں۔ اس پروگرام میں میونسپل چیئرمین اگنور باسویشور، وائس چیئرمین اندے موہن، مدیراج، تمام منڈل پارٹی صدور سری کانت ریڈی، گوڈہ ویرشم، ہری ناتھ ریڈی، کتور میونسپلٹی صدر سدرشن گوڈ، سابق میونسپل چیئرمین اگنور وشوم، قائدین رگھو نائک، زمرد خان، نرسمہولو، آنجنئیلو، بجلی محکمہ کے ڈی ای شیام سندر ریڈی اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔