آبنائے ہرمز کھولنے کی قرار داد کو روس اور چین نے ویٹو کردیا

,

   

واشنگٹن 7 اپریل ( ایجنسیز ) روس اور چین نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی ایک قرار داد کو ویٹو کردیا جس کے ذریعہ ایران پر زور دیا جا رہا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز کو کھول دے ۔ اس قرار داد کو مشرق وسطی ممالک کی تائید بھی حاصل تھی ۔ بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی نے یہ قرار داد پیش کی تھی ۔ اس میں کہا گیا تھا کہ ایران کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں ہتھیار متعین کرے اور اگر ایران اس آبی گذرگاہ پر مسلسل کنٹرول رکھتا ہے تو اس سے راست عالمی معاشی استحکام اور بین الاقوامی فوڈ سکیوریٹی متاثر ہوگی ۔ اس قرار داد پر رائے دہی ہوئی جس کے حق میں 11 ووٹ ڈالے گئے ۔ دو ووٹ مخالفت میں رہے اور دو غیر حاضر رہے ۔ قرار داد میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز کو بند کرنے سے پوری دنیا متاثر ہو رہی ہے اور توانائی کی قلت پیدا ہو رہی ہے ۔ اس کے نتیجہ میں بھوک مری کا بھی آغاز ہوسکتا ہے ۔پاکستان اور کولمبیا نے رائے دہی سے غیر حاضری احتیار کی ۔ اس قرار داد کو ایسے وقت میں ویٹو کیا گیا ہے جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کو صفحہ ہستی سے مٹادینے کی دھمکی دی ہے ۔ قرار داد سے قبل روس اور چین پر زور دیا گیا تھا کہ وہ اس کے خلاف ویٹو کا استعمال کرنے کی بجائے غیرحاضر رہیں لیکن انہوں نے ویٹو کرنے کو ترجیح دی ۔ k