آبپاشی پراجکٹس میں تاخیر پر چیف منسٹر برہم، عہدیداروں کو انتباہ

,

   

جنگی خطوط پر تعمیری کام انجام دینے کی ہدایت ، کالیشورم کے علاقہ میں سیاحت کو فروغ دینے کا منصوبہ
حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات میں سُست روی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک کروڑ ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے کا عہد کرتے ہوئے ہزاروں کروڑہا روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ عہدیداروں اور ورک ایجنسیوں کو غفلت سے کام لینے کے خلاف سخت انتباہ دیا اور جنگی خطوط پر تعمیری کاموں کو تکمیل کرنے کی ہدایت دی۔ تین شفٹوں میں چار گنا لیبر اور درکار مشنری میں اضافہ کرتے ہوئے پراجکٹس کی تعمیرات میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ کالیشورم پراجکٹ کے تعمیری کاموں کا معائنہ کرنے کے دوسرے دن چیف منسٹر نے آـ ج کنے پلی پمپ ہاوز سے انارم بیاریج تک پانی کی منتقلی کے کاموں کا معائنہ کیا۔ کے سی آر نے کنے پلی پمپ ہاوز سے تقریباً 15 کیلو میٹر تک انارم بیاریج تک گاڑی میں سفر کرتے ہوئے کئی جگہوں پر رُک کر کاموں کا جائزہ لیا۔ کونسا کام کونسے اسٹیج میں ہے اور کتنا کام مکمل ہوا ہے، مزید کتنا کام باقی ہے اس سلسلہ میں عہدیداروں اور ورک ایجنسیوں کے نمائندوں سے دریافت کیا اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ چند مقامات پر تعمیرات میں پائے جانے والے نقائص کی نشاندہی کی۔ کلورٹ بہہ جانے کی وجہ طلب کرتے ہوئے گائیڈ والس تعمیر کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے ورک ایجنسیوں کو بلز کی اجرائی میں کوئی تاخیر نہ کرنے کی ہدایت دی۔ جہاں بھی چھوٹے چھوٹے مسائل ہیں اس کو فوری حل کرنے کی سکریٹری سمیتا سبھروال کو مشورہ دیا۔ تعمیری کاموں کے دوران معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے پر زور دیا۔ مارچ کے اواخر تک کلورٹس کے تمام کاموں کو مکمل کرنے کا پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔ بعد ازاں انارم بیاریج کے قریب کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے atscon کمپنی کے نمائندوں اور انجینئرس کے ساتھ جائزہ لیا۔ جنوری کے اواخر تک انارم بیاریج کے تمام کاموں کو تکمیل کردینے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے انارم بیارج کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں سندیلا بیاریج،

انارم پمپ ہاوز، سندیلا پمپ ہاوز کے کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ کے سی آر نے سندیلا بیاریج کے کاموں کو مارچ کے اواخر تک مکمل کرنے پمپس کو موٹرس تنصیب کرنے کے کام مارچ کے اواخر تک پورا کرتے ہوئے اپریل میں ویٹ ان تیار رکھنے کی ہدایت دی۔ پمپ ہاوز کے پاس ٹرانسکو کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے سب اسٹیشن کو بارش کے پانی سے تحفظ کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا۔ اس کے بعد سری رام ساگر احیا اسکیم کے سلسلہ میں راجیشوراؤ پیٹ کے پاس تعمیر ہونے والے دوسرے پمپ ہاوز کے تعمیری کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ پہلے اور دوسرے پمپ ہاوز میں جملہ 18 پمپس کو موٹرس تنصیب کرنے کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے تیسرے پمپ ہاوز کے کاموں کو روکتے ہوئے وہاں کے لیبر اور مشنری کو پہلے پمپ ہاوز کے قریب منتقل کرتے ہوئے جاریہ ماہ کے اواخر تک کاموں کو تکمیل کرنے کا مشورہ دیا۔ اس کے بعد جون تک تیسرے پمپ ہاوز کے کاموں کو مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ پراجکٹس کی تکمیل کے بعد پانی زرعی شعبہ کے اغراض کیلئے جاری کرنے کے عمل کی تکمیل کے بعد یہ علاقہ سیاحتی مرکز میں تبدیل ہوجانے کا دعویٰ کیا۔ کالیشورم مندر، جنگلاتی علاقہ میں ہونے والا پراجکٹ کی تکمیل کے بعد سیاحوں کی تعداد میں زبردست اضافہ کی توقع کا اظہار کرتے ہوئے 5 تا ایکر اراضیات پر ہوٹلوں کی تعمیرات کیلئے حوصلہ افزائی کرنے کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی سیاحت میں ترقی کیلئے خدمات سے استفادہ کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ پراجکٹس کی تعمیرات کے ساتھ ہی سڑکوں کی تعمیرات کے علاوہ الکٹرانک بوٹنگ وغیرہ کو بھی مدنظر رکھنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔