آبپاشی پراجکٹس پر کھلے مباحث کا چیف منسٹر کو چیلنج

   

Ferty9 Clinic

پانی اور برقی کی سہولت کے نام پر دھوکہ دینے حکومت پر الزام، شاد نگر میں جلسہ ، کانگریس قائدین کا خطاب

شاد نگر۔یکم ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاست کے پراجکٹوں کے متعلق کھلے عام مباحثہ کیلئے چیف منسٹر کے سی آر کو کانگریس قائدین نے چیلنج کیا۔ محبوب نگر ضلع کی عوام نے اپنا خون پسینہ ایک کرتے ہوئے 2009 میں پارلیمنٹ روانہ کیا تھا اس کے باوجود عوام کے جذبات سے کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے عوام کو پانی کی سہولت اور برقی کے نام پر تلنگانہ عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ محبوب نگر کی عوام کے خون پسینہ کی بدولت رکن پارلیمنٹ بننے کے بعد اب چیف منسٹر کے عہدہ تک پہنچ کر عوامی مسائل کو نظرانداز کرتے ہوئے پراجکٹوں کے نام پر کروڑہا روپئے کمیشن کے طور پر وصول کرنا اپنا شیوا بنالیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار رکن پارلیمنٹ ملکاجگری و کانگریس پارٹی ورکنگ پریسیڈنٹ ریونت ریڈی نے شاد نگر حلقہ کے پودر گوڑ منڈل میں منعقدہ عوامی جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اب خاموش بیٹھنے والی نہیں ہے۔ لکشمی دیو پلی پراجکٹ کو عملی شکل ملنے تک مختلف انداز میں احتجاجی پروگرام منظم کرتے رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ لکشمی دیوپلی سمندری سطح سے 670 میٹر اونچائی پر واقع ہے۔ مذکورہ پراجکٹ کو عملی شکل دی جاتی ہے تو اضلاع رنگاریڈی، حیدرآباد، محبوب نگر، نلگنڈہ اور دیگر اضلاع کو پانی سیراب ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ اس اہم پراجکٹ پر توجہ دینے کے بجائے کے سی آر آندھرا کے متعلق غور و فکر کررہے ہیں۔ پراجکٹوں کو ری ڈیزائن کے نام پر کروڑہا روپیوں کو غیر ضروری خرچ کررہے ہیں۔ اگر چیف منسٹر کے سی آر لکشمی دیو پلی یا پھر دیگر پراجکٹوں کے متعلق سنجیدگی کے ساتھ عمل آوری نہیں کریں گے تو ضرور بہ ضرور ان کی قبر بنائیں گے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے حال ہی میں ضلع محبوب نگر کا دورہ کیا مگر اس دوران انہوں نے لکشمی دیو پلی کا ذکر نہیں کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر شراب ، سیندھی اور ریت کے معاملہ میں نمبر ون چیف منسٹر ہیں۔ تلنگانہ پی سی سی صدر اتم کمار ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسان پانی کو لے کر پریشان ہیں اس کے باوجود چیف منسٹر کے سی آر کو اپنا انتخابی وعدہ یاد نہیں آرہا ہے۔ لکشمی دیو پلی پراجکٹ سے کئی ایک اضلاع سیراب ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کو کسانوں کو درپیش مسائل و مشکلات نظر نہیں آرہے ہیں۔ لکشمی دیو پلی پراجکٹ کو عملی شکل دینے تک کانگریس پارٹی مختلف انداز میں احتجاج کرتے رہے گی۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں موجودہ پراجکٹوں کو جامع انداز میں کم خرچ پر کانگریس پارٹی نے تیار کیا۔ لیکن چیف منسٹر کے سی آر نے ری ڈیزائن کے نام پر کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے اپنا کمیشن پکا کرلیا۔ سابق ایم پی وشویشور ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ لکشمی دیو پلی پراجکٹ کی عدم تعمیر پر احتجاج میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔ اگر ایک سال کے اندر اس پراجکٹ کو چیف منسٹر کے سی آر نے پورا کیا تو ان کے نام پر ایک دیول تعمیر کرنے کا تیقن دیا۔ بلند بانگ دعوؤں اور وعدوں کے ذریعہ اقتدار پر آکر وہ عوام کو دھوکہ دیتے رہے ہیں۔ومشی چندریڈی نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر دیگر اہم قائدین نے مخاطب کیا۔ اس موقع پر سابق ایم ایل اے رام موہن ریڈی، ویرلہ پلی شنکر، محمد علی خاں بابر اور دیگر اہم قائدین موجود تھے۔