سریدھر راؤ دیشپانڈے چیف منسٹر کے او ایس ڈی مقرر
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے محکمہ آبپاشی کے ڈپٹی چیف انجنیئر سریدھر راؤ دیشپانڈے کو اپنا آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (OSD) برائے آبپاشی امور مقرر کیا ہے۔ سریدھر راؤ دیشپانڈے 1987 ء سے محکمہ آبپاشی سے واستہ ہیں اور انہوں نے کئی اہم عہدوں پر نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد وہ کمشنر گوداوری بیسن کے دفتر میں ڈپٹی چیف انجنیئر کے عہدہ پر فائز تھے۔ انہیں اس وقت کے وزیر آبپاشی ہریش راؤ کا او ایس ڈی مقرر کیا گیا تھا ۔ 2018 ء تک وہ اس عہدہ پر فائز رہے۔ اس مدت کے دوران انہوں نے آبپاشی پراجکٹس کے سلسلہ میں اپنے طویل تجربات اور صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ۔ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انہیں کالیشورم اور دیگر پراجکٹس کے دورہ کے موقع پر اپنے ساتھ رکھا۔ بعد میں انہیں اپنا او ایس ڈی مقرر کیا۔ سریدھر راؤ دیشپانڈے کا تعلق عادل آباد ضلع سے ہے اور انہوں نے اپنے طویل کیریئر میں اسسٹنٹ اگزیکیٹیو انجنیئر عادل آباد ، اسسٹنٹ اگزیکیٹیو انجنیئر سری رام ساگر پراجکٹس ، اسسٹنٹ اگزیکیٹیو انجنیئر گوداوری واٹرس اور ڈپٹی اگزیکیٹیو انجنیئر گوداوری واٹرس کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔ 2001 ء سے انہوں نے تلنگائنہ تحریک میں سرگرمی سے حصہ لیا اور تحریک کی مختلف تنظیموں کے قیام میں نمایاں رول ادا کیا ۔ آبپاشی اور اس سے متعلق امور کے سلسلہ میں سریدھر راو دیشپانڈے نے انگریزی اور تلگو میں کئی کتابیں تصنیف کی ہیں۔