اتم کمار ریڈی کی ویڈیو کانفرنس، زیر تکمیل پراجکٹس پر رپورٹ طلب
حیدرآباد ۔25۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست میں آبپاشی پراجکٹس کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل کی جائے تاکہ آبپاشی کی ضرورتوں کی تکمیل ہوسکے۔ اتم کمار ریڈی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ مختلف پراجکٹس کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کی تکمیل میں تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس بارے میں عہدیداروں کو حکومت کی جانب سے طئے کردہ شیڈول تکمیل کرنی چاہئے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سیتاراما پراجکٹ کی تعمیر کے لئے ٹنڈر کے مرحلہ کو قطعیت دیں ۔ اس سلسلہ میں جلد ہی شیڈول جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کنڈہ واگو پراجکٹ اور چنا کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کے لئے تخمینہ کی تیاری اور اراضی کے حصول پر عہدیداروں کو توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کی امداد اور معاوضہ کی ادائیگی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریلیف کمشنر ونئے کرشنا سے اشتراک کرتے ہوئے اراضی کے حصول کے مرحلہ کو حل کیا جائے۔ انہوں نے زیر تعمیر پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی اور کہا کہ تلنگانہ نے دھان کی پیداوار میں ملک میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ڈسمبر کے پہلے ہفتہ میں نلگنڈہ کا دورہ کریں گے اور آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ پراجکٹ کے بارے میں تفصیلی رپورٹ تیار کریں۔ 1