آبپاشی پراجکٹس کے نام پر بی آر ایس دور حکومت میں دھاندلیاں: بھٹی وکرامارکا

   

کھمم میں جواہر لفٹ اریگیشن پراجکٹ کا سنگ بنیاد، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی، وینکٹ ریڈی، سری ہری اور سرینواس ریڈی کی شرکت
حیدرآباد۔ 10 اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس نے 10 سالہ اقتدار میں آبپاشی پراجکٹس کو نظرانداز کردیا تھا۔ بھٹی وکرامارکا نے آج کھمم ضلع کے مدھیرا اسمبلی حلقہ میں 630.30 کروڑ سے تعمیر کئے جانے والے جواہر لفٹ اریگیشن پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، وی سری ہری اور پی سرینواس ریڈی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کی تعمیر سے کھمم کے کئی علاقوں میں آبپاشی ضرورتوں کی تکمیل ہوگی اور موسلادھار بارش کی صورت میں سیلاب کی صورتحال سے بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جواہر آبپاشی پراجکٹ کے لئے کئی برسوں سے جدوجہد کی جارہی ہے۔ اسمبلی میں بھی حکومت کی توجہ مبذول کرائی گئی لیکن سابق بی آر ایس حکومت نے کوئی دلچسپی نہیں لی۔ کانگریس کے برسر اقتدار آنے کے بعد وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل میں خصوصی دلچسپی لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری سیلم ذخیرہ آب سے 3 ٹی ایم سی پانی رائل سیما کو منتقل کرنے کے لئے آندھرا پردیش حکومت منصوبہ بندی کررہی ہے۔ بی آر ایس حکومت نے تلنگانہ کے آبی مفادات پر سمجھوتہ کرلیا تھا۔ کھمم، نلگنڈہ اور محبوب نگر اضلاع میں آبپاشی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے سری سیلم لفٹ اریگیشن پراجکٹ اہم رول ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے آبپاشی پراجکٹس کے نام پر بے قاعدگیاں کی ہیں جس کا ثبوت جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی رپورٹ ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کھمم ضلع سے انہیں گہری وابستگی ہے۔ جواہر لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے سنگ بنیاد سے سے انہیں اطمینان ہے۔ ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بی آر ایس حکومت پر آبپاشی کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے 1200 کروڑ سے آر اینڈ بی کی سڑکوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر مال سرینواس ریڈی نے کہا کہ ناگرجنا ساگر کے ذریعہ نلگنڈہ اور بھونگیر کے کسانوں کو سیراب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ 1