آبپاشی پراجکٹ اور ذخائر آب کی جنگی خطوط پر تکمیل

   

فنڈس کی کوئی کمی نہیں، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار کی کریم نگر میں کسانوں سے ملاقات

حیدرآباد ۔11۔ جون (سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ حکومت آبپاشی پراجکٹس اور ذخائر آب کی تعمیر کا کام جنگی خطوط پر مکمل کرے گی ۔ ونود کمار نے کریم نگر لوک سبھا حلقہ کے دورہ کے موقع پر عوامی نمائندوں اور کسانوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے مختلف کسانوں کی فصلوں کا جائزہ لیا اور حکومت کی جانب سے فصلوں کے سلسلہ میں دی جارہی رہنمائی کے فوائد سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ پلاننگ بورڈ کی جانب سے وہ پراجکٹس کے لئے فنڈس کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ۔ ذخائر آب کی تعمیر کے سلسلہ میں اراضی کے حصول پر فوری معاوضہ ادا کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ کریم نگر لوک سبھا حلقہ کے پانچ اسمبلی حلقہ جات میں آبپاشی کاموں کا جائزہ مکمل ہوچکا ہے ۔ محکمہ جات فینانس اور آبپاشی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ونود کمار نے جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کریم نگر لوک سبھا حلقہ میں پراجکٹس کی تکمیل پر حکومت خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کے باوجود ایلم پلی کالیشورم اور دیگر پراجکٹس کے کام متاثر نہیں ہوئے ۔ حسن آباد ، چپا دنڈی ، ویمل واڑہ ، سرسلہ اور مانا کنڈور اسمبلی حلقوں میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ سری رام ساگر پراجکٹ کے ذریعہ کریم نگر اور حضور آباد اسمبلی حلقوں کو پانی سربراہ کیا جارہا ہے ۔ ونود کمار مختلف اسمبلی حلقوں میں جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ حکومت بہتر فصلوں اور آمدنی میں اضافہ کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے بعض منڈلوں کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے منافع بخش فصلوں کے سلسلہ میں کسانوں کی رہنمائی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کسانوں کو بہتر آمدنی حاصل ہوسکے ۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہو اور حکومت کی ہدایات کے مطابق فصلوں کو اگانے کی مساعی کریں ۔