تلنگانہ ہر شعبہ میں آگے ، کریم نگر سب سے زیادہ دھان پیداوار کرنے والا ضلع ، ریاستی وزیر نرنجن ریڈی کا خطاب
کریم نگر : ضلع کریم نگر کے کنونشن ہال میں کریم نگر وراجنا سرسلہ اضلاع کے موسم برسات کے فصلوں سے متعلقہ اُمور پر منعقدہ آگہی اجلاس میں ریاستی وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبپاشی کے لئے متعدد پراجکٹس کے ذریعہ مؤثر پانی کی سربراہی نے دیہاتوں کا نقشہ ہی بدل کررکھ دیا ہے ، ہر شعبہ میں ریاست تلنگانہ آگے بڑھ رہاہے۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست کے تحفظ کی ذمہ داری ہم تمام کی ہے ، مختلف تحریکوں کے لئے ضلع کریم نگر مرکز رہاہے ۔ پڑوسی ممالک سے جنگ کے دوران نظام کے دائرکردہ مقدمہ کی وجہ کئے گئے معاہدے کے باعث لوئیر مانئیر ڈیم ، کاکتیہ یونیورسٹی ، سنٹرل یونیورسٹی کا قیام ہوا ہے۔ ضلع میں سب سے زیادہ دھان کی پیداوار کرنے والا ضلع کریم نگر ہے۔ ایک آبپاشی پراجکٹ کے باعث ماضی میں رونما ہوئی تبدیلیوں سے ضلع کی عوام بہ خوبی واقفیت رکھتی ہے۔ شعبہ زراعت وہ واحد شعبہ ہے جس نے سب سے زیادہ افراد کو روزگار فراہم کیا ہے۔ آبپاشی کے بعد فصل کی پیداوار میں اضافہ پر ہی منافع ہوسکتا ہے۔ سرمایہ کو کم کرتے ہوئے زیادہ پیداوار کے لئے کوشش کریں ۔ ملک ہندوستان کے جغرافیائی و ماحولیاتی عناصر کاشتکاری کے لئے سازگار ہیں ان قدرتی وسائل سے کسان بھر پور استفادہ کریں ، جس طرح موجودہ وسائل سے استفادہ کے ساتھ دبئی دنیا بھرکو اپنی طرف راغب کررہا ہے ، دیگر کئی ممالک ترقی کی راہ پر گامزن ہیں ۔ متعدد فصلوں کے کاشت کیلئے کارآمد زمینی اقسام کا حامل واحد ملک ہندوستان ہے۔ ریاستی پلاننگ کمیشن کے صدر بی۔ ونودکمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں شعبہ زراعت میں بے مثال ترقی دیکھی گئی۔ دنیا بھر میں ہندوستان وہ واحد ملک ہے جہاں 156 کروڑ 50 لاکھ ایکر (56 فیصد ) زمین زراعت کے لئے کارآمد ہے۔ ملک گیر سطح پر ریاست تلنگانہ میں سب سے زیادہ دھان کی پیداوار حاصل کی گئی۔ریاستی وزیر برائے بہبود پسماندہ طبقات و سیول سپلائیز گنگولاکملاکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے متعدد ممالک اور ملک کے کئی ریاستوں میں کاشت کے لئے موزوں زمین دستیاب نہیں رہتی ،ریاست تلنگانہ زرخیز زمین کا مالک ہے جس پر متبادل فصلوں کی کاشتکاری ممکن ہے۔ رعیتو بندھو سمیتی کے ریاستی صدر راجیشور ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں شعبہ زراعت کا فی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر اعلی کے سی آر نے شعبہ زراعت کی تصویر بدل دی ہے۔ انہوں نے کسانوں کو مارکٹ میں مانگ کے حامل اجناس کی کاشت ، رعیتو ویدیکا سے استفادہ کی صلاح دی ۔ٹیسکاب چئیرمین رویندرراؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کی حکومت میں زرعی شعبہ نے بے مثال ترقی حاصل کی ہے۔ تخم ،کھاد کی خریدی میں کسانوں کے ساتھ تعاون کررہے ادارے قابل تعریف ہیں۔ رکن اسمبلی بالاکشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدل رہے دور کے ساتھ کسانوں کو بھی بدلنے کی ضرورت ہے۔اس اجلاس میں ریاستی رعیتو بندھو سمیتی کے صدر ، ایم ایل سی راجیشور ریڈی ، ٹیسکاب چئیرمین کنڈورو رویندر ، زرعی شعبہ چیف کمشنر ہنمنتو ، ایم ایل اے بالاکشن ، روی شنکر ، ایم ایل سی رامنا ، زیڈ پی چئیرمین وجیا ، راجنا سرسلہ کلکٹر انوراگ جینتی ، ایڈیشنل کلکٹر مجالس مقامی کریم نگر گریما گروال ، شیام پرسادلال ، زیڈ پی سی ای او پرینکا ، ڈی سی سی بی ، ڈی سی ایم ایس چئیرمین اے او ، اے ای ، رعیتو بندھو سمیتی کے نمائندوں و دیگر نے شرکت کی۔