اتم کمار ریڈی کا جائزہ اجلاس، حیڈرا اور دیگر محکمہ جات کے ذریعہ حیدرآباد میں کارروائی کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے ریاست میں آبپاشی محکمہ کی اراضیات کے تحفظ کے لئے سخت اقدامات کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو جنگی خطوط پر آبپاشی کی اراضیات اور جائیدادوں کو ناجائز قابضین سے حاصل کرتے ہوئے ان کا تحفظ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مزید قبضوں کو روکنے کیلئے جائیدادوں اور اراضیات کی فینسنگ کی جائے۔ اتم کمار ریڈی نے آج سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں آبپاشی ، حیڈرا ، ریونیو اور رورل ڈیولپمنٹ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ ریاستی وزیر نے واضح کیا کہ آبپاشی اراضیات پر ناجائز قبضوں کے معاملہ میں کوئی نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں کروڑ مالیت کی آبپاشی اراضیات کو بچانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ایڈوکیٹ جنرل سے خواہش کی کہ آبپاشی محکمہ کے لئے اسپیشل گورنمنٹ پلیڈر کا تقرر کریں تاکہ اراضیات کے تحفظ کے مقدمات میں موثر پیروی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے حدود میں کئی آبپاشی اراضیات پر ناجائز قبضے ہیں۔ گنڈی پیٹ اور راجندر نگر میں واقع آبپاشی اداروں کی اراضیات پر ناجائز قبضے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 426.30 ایکر اراضی میں 131.31 ایکر پر ناجائز قبضے ہیں جن میں سے 81.26 ایکر انفارمیشن ٹکنالوجی انویسٹمنٹ ویژن کے تحت ہے اور یہ معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے۔ انہوں نے کہا کہ 50.13 ایکر اراضی پر راست قبضے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف عدالتوں میں 20 مقدمات زیر دوران ہیں جبکہ ہائی کورٹ میں 2 مقدمات ہیں۔ انہوں نے اراضیات کے تحفظ کیلئے اریگیشن ، حیڈرا ، ریونیو اور دیگر محکمہ جات میں تال میل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کو ایکشن پلان تیار کرتے ہوئے کارروائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے آبپاشی کی اراضیات پر سولار پاور پلانٹس کے قیام کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری اریگیشن پرشانت جیون پاٹل ، کمشنر حیڈرا اے وی رنگناتھ ، کمشنر آر اینڈ آر شیو کمار نائیڈو ، انجنیئر انچیف افضل حسین ، انجنیئر انچیف ایڈمنسٹریشن رمیش بابو اور ایس پی حیڈرا اشوک نے شرکت کی۔1