آبپاشی کے ترجیحی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت

   

وزیر آبپاشی کیپٹن اتم کمار ریڈی کی محکمہ کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس

حیدرآباد۔28 جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی و سیول سپلائز کیپٹن این اتم کمار ریڈی نے آج ویڈیو کانفرنس منعقد کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی کے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ حکومت کی جانب سے نشاندہی کردہ ترجیحی پراجکٹس کی تکمیل کے اقدامات کو یقینی بنائیں ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت نے جن پراجکٹس کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کافیصلہ کیا ہے ان پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے عہدیدارو ںکو تاکید کی کہ وہ فوری ان پراجکٹس کے فیلڈ سروے کا آغاز کریں تاکہ مانسون کے اختتام سے قبل ان کاموں کو مکمل کرلیا جائے اور مانسون کے اختتام کے ساتھ ہی ان پراجکٹس پر تعمیری کاموں کا آغاز کیا جائے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کالیشورم پراجکٹ کی جامع تحقیقات کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جو کہ پیشرو حکومت کے دور میں تعمیر کیاگیا تھا اور اسی حکومت کے آخری ایام میں اس پراجکٹ میں دراڑیں پڑچکی تھیں۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت تلنگانہ اس طرح کے پراجکٹس کی تعمیر کے ذریعہ عوام کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈالنے کے حق میں نہیں ہے اور نہ ہی بدعنوانیوں کو برداشت کرتے ہوئے غیر معیاری کاموں کو برداشت کیا جائے گا۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سابق ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ بے بنیاد الزامات کے ذریعہ حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے کالیشورم کے متعلق تمام حقائق عوام کے سامنے لانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہو ںنے کہا کہ ریاست میں کسان پانی کے لئے جن مسائل کا سامنا کررہے ہیں ان کی وجہ سابق حکومت تلنگانہ ہے جس کے دور میں کالیشورم پراجکٹ غیر معیاری تعمیرات کے ذریعہ عجلت میں مکمل کیا گیا ہے ۔انہوں نے ویڈیوکانفرنس کے دوران عہدیدارو ںکو مشورہ دیا کہ وہ کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کے علاوہ انہیں بہتر آبی سربراہی کے اقدامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں تاکہ کسانوں کے مسائل کو حل کیا جاسکے۔ انہو ںنے ریاست میں حکومت کی جانب سے کسانوں کو آبی سربراہی کے اقدامات کے علاوہ ریاست میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد جن پراجکٹس کے آغاز کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی گئی ہے اس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ پرانہیتا ۔چیوڑلہ پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں اقدامات کر رہی ہے ۔3