حیدرآباد۔ دریائے کرشنا اور گوداوری کے پانی سے استفادہ کے مسئلہ پر دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے درمیان تنازعہ کے حل کے لئے اس ماہ کی 25تاریخ کو ہونے والا ایپکس کونسل کا اجلاس ایک مرتبہ پھر ملتوی کردیاگیا۔اس سلسلہ میں مرکزی وزارت جل شکتی نے دونوں ریاستوں کو یہ اطلاع دی۔اے پی حکومت کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے رائلسیما لفٹ اریگیشن پروجیکٹ کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت نے کونسل سے شکایت کی تھی جس کے بعد مرکزی وزارت جل شکتی کی جانب سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ 25اگست کو ایپکس کونسل کا اجلاس منعقد کرنے کافیصلہ کیا گیا تھا اور اس ضمن میں دونوں تلگو ریاستوں کے وزرائے اعلی کو پہلے ہی اطلاع دے دی گئی تھی۔ آندھراپردیش تنظیم نو قانون کے مطابق یہ ایپکس کونسل قائم کی گئی تھی۔مرکزی وزیر جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت اس کونسل کے صدرنشین اور دونوں تلگوریاستوں کے وزرائے اعلی اس کے ارکان ہیں۔اس ماہ کی 25تاریخ کو ہونے والے اجلاس کا ایجنڈہ چار نکاتی تھا تاہم شیخاوت کے کوویڈ 19سے متاثر ہونے کے سبب اس اجلاس کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ ذرائع نے کہا کہ اس ماہ میں اس اجلاس کے انعقاد کی کوئی توقع نہیں ہے بلکہ ستمبر میں اس کے انعقاد کا امکان ہے ۔