آبی تنازعہ کے حل کیلئے مینجمنٹ بورڈز کا اجلاس، تلنگانہ غیر حاضر

   

حیدرآباد۔/3 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلگو ریاستوں کے درمیان آبی تنازعہ کی یکسوئی کیلئے کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ اور گوداوری ریور مینجمنٹ بورڈ کا مشترکہ اجلاس آج حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ آندھرا پردیش کی جانب سے اریگیشن کے انجینئرس کے علاوہ ٹرانسکو، جینکو کے صدورنشین و منیجنگ ڈائرکٹرس اور دونوں بورڈس کے ارکان نے شرکت کی۔ مشترکہ اجلاس سے تلنگانہ کے عہدیدار غیر حاضر رہے۔ تلنگانہ کی جانب سے بورڈ کا وسیع تر اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں گوداوری ریور مینجمنٹ بورڈ کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے مکتوب روانہ کیا گیا۔ حکومت نے آج تلنگانہ ریور مینجمنٹ بورڈ کے صدرنشین کو بھی ایک علحدہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے بورڈ کا مکمل اجلاس طلب کرنے کی مانگ کی ہے۔