نئی دہلی : ماحولیات، جنگلات اور آب و ہوا میں تبدیلی کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے لوک سبھا میں کہاکہ آب و ہوا میں تبدیلی کے لئے ہندستان ذمہ داری نہیں ہے ، لیکن اس کے باوجود ہم نے اس سے نپٹنے کے لئے خودسے پہل کرتے ہوئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ بیجنگ کے مقابلہ میں دہلی کو کافی وقت میں آلودگی سے پاک کیا جائے گا۔مسٹر جاوڈیکر نے ‘آلودگی اور آب و ہوامیں تبدیلی‘موضوع پر لوک سبھا میں تین دن چلی بحث کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ آب و ہوا میں تبدیلی کی شروعات دوسرے صنعتی انقلاب کے ساتھ ہو ئی اس وقت بڑی تعداد میں کارخانے لگے اور ان میں کوئلہ جلا نا شروع ہوا۔
اس سے پیدا ہوئی کاربن ڈائی آکسائڈ ماحولیات میں جمع ہونے لگا اور یہ سیکڑوں برس تک رہے گا۔ اس کی وجہ سے زمین کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اور آب وہوا میں تبدیلی ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آب و ہوا میں تبدیلی کے لئے ہندستان ذمہ دار نہیں ہے ۔ امریکہ میں فی کس کاربن فٹ پرنٹ 16ٹن،یوروپ میں 13ٹن اور چین میں 12ٹن ہے جبکہ ہندستان کا فی کس کاربن فٹ پرنٹ محض 1.9ٹن ہے۔