وجوہات کا پتہ چلانے پر زور ، متاثرین سے چیف منسٹر کی فون پر بات چیت، وزرا و حکام سے مسلسل ربط
حیدرآباد۔ 18 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پرانے شہر گلزار حوض کے علاقہ میں بھاری آتشزدگی سانحہ کی تحقیقات کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے حادثہ کی حقیقی وجوہات کا پتہ چلانے تفصیلی جانچ کی ہدایت دی تاکہ آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کیلئے حکمت عملی تیار کی جاسکے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آتشزدگی واقعات سے بچاؤ کیلئے عوام میں شعور بیداری کی ضرورت ہے، اس کے علاوہ سرکاری محکمہ جات کو مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر نے آگ کی زد میں آنے سے 17 افراد کی ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرکے حکومت سے ہر ممکن تعاون کا بھروسہ دلایا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی چیف منسٹر نے پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹس کے عہدیداروں سے وقفہ وقفہ سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے بچاؤ اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کو مقام حادثہ کا دورہ کرنے اور ہاسپٹلس پہنچ کر مریضوں کے موثر علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ریاستی وزیر پونم پربھاکر، ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسیس ناگی ریڈی سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے زخمیوں کے علاج کے بارے میں نگرانی کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر فون پر متاثرہ خاندانوں کے ارکان سے بات چیت کی اور حوصلہ دیا۔ چیف منسٹر نے 5 لاکھ روپے ایکس گریشا کا اعلان کیا اور عہدیداروں کو چوکسی کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر کے مطابق فائر ڈپارٹمنٹ کی بروقت کارروائی سے آگ کو پھیلنے سے روک دیا گیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ تقریباً 40 افراد کو آگ سے بچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائر ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں اور عملہ نے آگ میں پھنسے ہوئے افراد کو بچانے کی حتی المقدور مساعی کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، دیگر ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے صورتحال کی معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر دن بھر وزراء اور عہدیداروں سے ربط میں رہے۔ 1