نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کی سینئر رکن اسمبلی آتشی مارلینا اور سوربھ بھردواج کو اروند کجریوال سرکار میں کابینی وزیر بنایا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں یہ جانکاری دی گئی ہے۔ وزارت نے بتایا کہ دہلی کے وزیراعلی کے مشورہ پر صدر جمہوریہ نے آتشی اور سوربھ بھردواج کو دہلی کابینہ میں وزیر کے طور پر مقرر کیا ہے۔ادھر دہلی کی عام آدمی پارٹی کی سرکار میں قدآور لیڈر منیش سیسوڈیا اور ستیندر جین کا استعفیٰ صدر جمہوریہ نے منظور کرلیا ہے۔ بدعنوانی کے الزامات کی وجہ سے جیل میں بند سیسوڈیا اور جین نے 28 فروری کو کجریوال کابینہ سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ اس کو لے کر وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ دہلی کے وزیراعلی کے مشورہ پر صدر جمہوریہ نے دہلی کے وزیر ستیندر جین کا استعفیٰ فوری اثر سے قبول کرلیا ہے۔بتادیں کہ سیسوڈیا اور جین کے استعفیٰ کے بعد دہلی کابینہ میں دو عہدے خالی ہوگئے تھے۔ اس کے بعد دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال نے کابینی وزیر کے طور پر آتشی اور بھردواج کے نام کی سفارش کی تھی۔دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے وزیراعلی کجریوال کے ذریعہ کی گئی سفارش کو صدر جمہوریہ کے پاس بھیج دیا تھا۔ افسران نے بتایا تھا کہ آتشی اور بھردواج کی تقرری تبھی موثر ہوگی، جب صدر جمہوریہ منیش سیسوڈیا اور ستیندر جین کے استعفیٰ کو قبول کرلیں گے۔