ایل جی سے ملاقات کے بعد کجریوال نے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا
نئی دہلی: آتشی مارلیناکو دہلی کی نئی چیف منسٹر بنایا گیا ہے۔ عام آدمی قانون ساز پارٹی ک کے اجلاس میں آج ان کے نام کو منظوری دی گئی ہے جس کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ بعد ازاں چیف منسٹراروند کجریوال شام 4.30 بجے ایل جی وی کے سکسینہ سے ملاقات کرکے اپنے استعفیٰ پیش کردیا۔ انہوں نے استعفیٰ کے ساتھ قانون ساز پارٹی کے قائد کے نام کا مکتوب بھی ایل جی کو پیش کردیا۔ کجریوال نے جیل سے رہائی کے بعداعلان کیا تھا کہ وہ 2 دن بعد چیف منسٹرکے عہدے سے استعفیٰ دے کر عوام کی عدالت میں جائیں گے۔عام آدمی پارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں، مقامی ارکان اسمبلی، اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس اجلاس کے دوران مختلف امیدواروں کے نام زیر بحث آئے تاہم آتشی مارلینا کے نام کو قطعیت دی گئی۔ آتشی کی نامزدگی کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب دہلی میں عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دینے کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔ آتشی کا تعلق پنجابی راجپوت خاندان سے ہے اور وہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویٹ ہیں۔آتشی 2020 کے اسمبلی انتخابات میں پہلی بار ایم ایل اے منتخب ہوئیں اور 2023 میں پہلی بار کجریوال حکومت میں وزیر بنیں اور صرف ایک سال بعد 2024 میں انہیں چیف منسٹر کا عہدہ دے دیا گیا۔ اس سے پہلے وہ 2019 میں مشرقی لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑی تھیں اور بی جے پی امیدوار گوتم گمبھیر سے 4.77 لاکھ ووٹوں سے ہار گئی تھیں اور تیسرے نمبر پر آئی تھیں۔آتشی کو کجریوال کا قریبی ساتھی اور معتمد سمجھا جاتا ہے۔ وہ انا ہزارے تحریک کے وقت سے ہی تنظیم میں سرگرم ہیں۔ فی الحال ان کے پاس متعدد وزارتوں کی ذمہ داری ہے اور مارچ میں کجریوال کے جیل جانے کے بعد سے وہ پارٹی سے لے کر حکومت تک کے مسائل پر بڑی مستعدی کے ساتھ پارٹی کی قیادت کرتے ہوئے دیکھی گئی ہیں۔