مدنا پلی (آندھراپردیش ) کے رشی ویلی اسکول میں ہسٹری اور انگلش کی ٹیچر رہیں
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) دہلی کی نئی چیف منسٹر آتشی مرلینا سنگھ نے پیشہ تدریس سے چیف منسٹر کے عہدہ تک کا کامیاب سفر کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفی دیا اور لیجسلیچر پارٹی نے ماہر تعلیم آتشی مرلینا سنگھ کو نئے چیف منسٹر کے طور پر منتخب کیا ہے۔ دہلی میں تعلیم کے شعبہ میں اصلاحات میں آتشی کا اہم رول رہا اور شعبہ تعلیم سے ان کی دلچسپی کا پس منظر متاثر کن ہے۔ عملی سیاست میں حصہ لینے سے قبل آتشی آندھرا پردیش کے ایک خانگی اسکول میں ٹیچر تھیں۔ وہ ہسٹری اور انگلش کی تعلیم دیا کرتی تھیں اور رشی ویلی اسکول میں ان کی خدمات اگرچہ مختصر مدت کیلئے رہیں لیکن دہلی کے نئے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کئے جانے سے اسکول انتظامیہ اور طلبہ فخر محسوس کررہے ہیں۔ رشی ویلی اسکول ضلع چتور کے مدناپلی ٹاؤن سے قریب ہے اور یہ علاقہ پہاڑیوں اور قدرتی نظاروں پر مبنی تفریحی مقامات سے گھرا ہوا ہے۔375 ایکر پر مشتمل رشی ویلی جنوبی ہند کی ایک مشہور تفریح گاہ میں شمار کی جاتی ہے۔ تروپتی اور چتور سے رشی ویلی کا فاصلہ دو گھنٹے اور بنگلورو سے ڈھائی گھنٹوں میں طئے کیا جاسکتا ہے جبکہ رشی ویلی اسکول کے بانی ممتاز دانشور جے کرشنا مورتی ہیں جہاں اقامتی سہولت کے ساتھ معیاری تعلیم کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ رشی ویلی ایجوکیشن سنٹر دراصل کرشنا مورتی فاؤنڈیشن انڈیا کی جانب سے لگایا جاتا ہے۔ مدنا پلی سے 15 کلو میٹر کے فاصلہ پر موجود اس اسکول سے کئی نامور افراد نے تعلیم حاصل کی اور اسکول کے فارغین میں شامل ہیں۔ آتشی کے چیف منسٹر بنائے جانے کی اطلاع نے اسکول میں خوشی اور مسرت کی لہر دوڑا دی ۔ اروند کجریوال کی انتہائی بااعتماد آتشی مرلینا سنگھ کا جنم 8 جون 1981 کو ہوا ، ان کے والد پروفیسر وجئے سنگھ دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر تھے جبکہ والدہ ترپتا واہی ہیں۔ آتشی نے اسکول اور کالج کی تعلیم دہلی میں مکمل کی اور 2001 میں دہلی یونیورسٹی کے سینٹ اسٹیفن کالج سے گریجویشن کیا۔ اعلیٰ تعلیم آکسفورڈ یونیورسٹی سے حاصل کی۔ 2013 میں عام آدمی پارٹی سے وابستہ ہوئیں اور دہلی میں تعلیمی اصلاحات کے نفاذ میں اہم رول ادا کیا۔ انہیں ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر تعلیم منیش سیسوڈیا کا مشیر مقررکیا گیا تھا۔بعد میں مرکز نے آتشی کے تقرر کو کالعدم کردیا تھا۔2019 میں دہلی ایسٹ کی لوک سبھا نشست سے انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن کامیابی نہیں ملی۔ آتشی فی الوقت دہلی کابینہ میں تعلیم، فینانس، ریوینیو اور پی ڈبلیو ڈی قلمدانوں کی انچارج ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ پیشہ تدریس سے وابستہ آتشی مرلینا سنگھ کے چیف منسٹر کے عہدہ پر تقرر سے دہلی میں تعلیم کے شعبہ کو نمایاں ترقی ملے گی۔1