حیدرآباد29دسمبر(یواین آئی) تلنگانہ کی سائبرآباد ٹریفک پولیس نے سڑک حادثہ میں زخمی افراد کی مدد کی خواہش کرنے کے سلسلہ میں عوام میں بیداری پیداکرنے کی انوکھی پہل کی ہے ۔سائبرآباد ٹریفک پولیس نے اس خصوص میں ایک ویڈیو اپنے ٹوئیٹر ہینڈل کے ذریعہ پوسٹ کی ہے ۔اس ایک منٹ 31سکنڈ کی ویڈیو کو اب تک کئی افراد نے دیکھ کر پسند کیا ہے ۔اس ویڈیو میں ایک ماں اپنے بیٹے کی سرزنش کرتے ہوئے کہہ رہی ہے کہ اس نے سڑک پر حادثہ ہوتاہوادیکھا اور پولیس طلب کرلی جس پر بیٹا پوچھتا ہے کہ تو کیاہوا۔ماں اس کوپوچھتی ہے کہ وہ دوسروں کے جھمیلوں میں کیوں پڑتا ہے ۔ماں کہتی ہے کہ معاملہ بنے گا، اس کی جانچ ہوگی،وہ سارادن گھر میں رہتی ہے ، وقت بے وقت پولیس پوچھ گچھ کے لئے آئے گی،یہ سب کرنے سے پہلے وہ سوچتاکیوں نہیں ہے ؟اس پرنوجوان کہتا ہے کہ اس نے صرف پولیس کو اس بات کی اطلاع دی ہے ۔پولیس اس کو عینی شاہد بننے کے لئے مجبور نہیں کرسکتی۔پولیس کو اطلاع دیتے وقت کسی کو بھی نام اور پتہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے ۔پولیس،نہ ہی اس کے گھر آئے گی اور نہ ہی اس سے پوچھ گچھ ہوگی، ماں جب پوچھتی ہے کہ یہ سب کس نے کہا تو لڑکا جواب دیتا ہے کہ سپریم کورٹ نے ۔لڑکا پھر اپنی ماں کی طرف متوجہ ہوتے ہوئے کہتا ہے کہ حادثہ کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے ۔اگر بھگوان نہ کرے کہ کل کوئی اپنا ہو،تو بھی سوچنے میں اتنا وقت وہ لگائیں گی۔سائبرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے وقتا فوقتا عوام میں بیداری کے لئے انوکھے پیامات کے ساتھ ویڈیوز کو پوسٹ کیاجاتا ہے جس کی کافی پذیرائی ہورہی ہے ۔سائبرآباد ٹریفک پولیس نے اس ویڈیو کے ساتھ پوسٹ کیا۔ آج اجنبی تو کل آپ کا پیارا حادثہ میں زخمی کی مدد کا جذبہ رکھیں۔