حکومت تلنگانہ سے اقدامات ، 8 تا 10 کیلومیٹر کا احاطہ
حیدرآباد۔9ستمبر(سیاست نیوز) ڈرون کے استعمال کے ذریعہ ادویات کی سربراہی اور کم وقت میں ادویات کو پہنچانے کے عمل کو یقینی بنانے کے اقدامات کے سلسلہ میں طویل مدتی انتظار اب ختم ہوچکا ہے اور 9 ستمبر سے 10 اکٹوبر کے دوران اسکائی ائیر موبیلیٹی کی جانب سے تجرباتی اساس پر یہ خدمات انجام دی جائیں گی ۔ حکومت تلنگانہ نے اس طریقہ کار کو ’’میڈیسن فرم دی اسکائی ‘‘ نام دیا ہے اور وقارآباد کے علاوہ حیدرآباد میں یہ تجربہ کیا جائے گا۔ ریاست تلنگانہ میں ان خدمات کے آغاز کے بعد ریاست ملک کی اولین ریاست بن جائے گی جہاں بی وی ایل او ایس ڈرون کا کورونا وائرس ویکسین کی منتقلی کے لئے استعمال کرے گی۔ بی وی ایل او ایس ڈرون ان ڈرون کو کہتے ہیں جو نظرکی حد سے 500تا700 میٹراونچا اڑان بھرتے ہیں۔ اسکائی ائیر نے بلو ڈارٹ ایکسپریس کے ساتھ مشترکہ معاہدہ کرتے ہوئے ڈرون کے ذریعہ ادویات کی سربراہی کو یقینی بنانے کے اس تجربہ کا آغاز کیا ہے۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ ڈرون کے ذریعہ ادویات کی منتقلی کے سلسلہ میں شروع کئے جانے والے تجربہ کے دوران پہلے دو یوم ڈرون نظر آئے اس حد تک کی اڑان پر چلایا جائے گا تاکہ سادہ آنکھ سے بھی ڈرون کی چلن اور اس کی رفتار و دیگر امور کا جائزہ لیا جاسکے۔ 11 ستمبر سے ڈرون کے ذریعہ ادویات کی منتقلی کے سلسلہ میں شروع کئے جانے والے تجربہ میں توسیع دیتے ہوئے اسے 8تا10 کیلومیٹر تک ادویات کی منتقلی کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس دوران ادویات کے وزن کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور اس میں کمی اور زیادتی کے اثرات کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ اسکائی ائیر موبیلیٹی کے بانی سواپنک جکم پندی نے تجرباتی اساس پر شروع کئے جانے والے اس پراجکٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کے اشتراک کے ساتھ اس پراجکٹ کو شروع کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ اس پراجکٹ کو زبردست کامیابی حاصل ہوگی۔انہوںنے بتایا کہ ادویات کی ڈیلیوری سے شروع ہونے والے اس پراجکٹ کے بعد ڈیلیوری کے شعبہ میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور اس پراجکٹ سے دیہی اور نواحی علاقوں میں ڈیلیوری کے مسائل کو بہ آسانی حل کیا جاسکے گا۔ بلو ڈارٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر نے بھی اس منصوبہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ 100 فیصد ہندستانیوں کو ٹیکہ اندازی کے لئے تمام علاقوں تک رسائی میں یہ خدمات کافی کارگر ثابت ہوں گی۔ڈرون کے ذریعہ ادویات کی سربراہی کے تجربہ کے بعد اسے باضابطہ ایک ڈیلیوری صنعت کے طور پر فروغ دیئے جانے کے امکانات کا بھی کورئیر خدمات انجام دینے والی کمپنیو ںکی جانب سے غور کیا جانے لگا ہے۔M