نئی دہلی۔2 نومبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی 3 نومبر کو صبح 9:30 بجے نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں ایمرجنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انوویشن کانکلیو (ای ایس ٹی آئی سی) 2025 کا افتتاح کریں گے ۔ اس موقع پر وزیراعظم اجتماع سے خطاب بھی کریں گے ۔وزیر اعظم ملک میں تحقیق اور ترقی کے ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے کے لیے 1 لاکھ کروڑ روپے کے ریسرچ، ڈیولپمنٹ اور انوویشن اسکیم فنڈ کا آغاز کریں گے ۔ اس اسکیم کا مقصد ملک میں پرائیویٹ سیکٹر سے چلنے والی تحقیق اور ترقی کے ماحولیاتی نظام کو فروغ دینا ہے ۔
ایمرجنگ سائنس اور ٹیکنالوجی انوویشن کانکلیو 2025، 3 سے 5 نومبر 2025 تک منعقد ہوگی۔ اس کانکلیو میں تعلیمی دنیا، تحقیقی اداروں، صنعت اور حکومت کے 3,000 سے زائد شرکاء کے ساتھ ساتھ نوبل انعام یافتہ، نامور سائنسدان، اختراع کار، اور پالیسی ساز شرکت کریں گے ۔مباحثوں میں 11 اہم موضوعاتی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جن میں جدید مواد اور مینوفیکچرنگ، مصنوعی ذہانت، بائیو مینوفیکچرنگ، اوشین اکانومی، ڈیجیٹل کمیونیکیشن، الیکٹرانکس اور سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ، ابھرتی ہوئی زرعی ٹیکنالوجیز، توانائی، ماحولیات اور آب و ہوا، صحت اور طبی ٹیکنالوجی، کوانٹم سائنس اور ٹیکنالوجی اور اسپیس ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔