آج ’بتی گل احتجاج ‘ہم اندھیرے میں بھی بیدار ہیں

   

وقف بچاؤ دستور دستور بچاؤ مہم کے تحت جاری تحریک کو کامیاب بنانے کی اپیل، کاماریڈی میں ملی تنظیموں و قائدین کا اجلاس
کاماریڈی۔ 29 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی وقف بچاؤ دستور بچاؤ مہم کے تحت 30 اپریل کو منعقد ہونے والی ’بتی گل تحریک‘ کو کامیاب بنانے کے لئے حسن پیالیس فنکشن ہال کاماریڈی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داران، ائمہ مساجد، ملی جماعتوں کے قائدین اور دینی شخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس سے حافظ محمد فہیم الدین منیری کنوینر مسلم پرسنل لاء کمیٹی ضلع کاماریڈی، جناب سید انور احمد جوائنٹ کنوینر و نائب صدر مدینہ مسجد، مولانا طفیل احمد رضوی مسجد منور، مولا محفوظ الرحمن مسجد جامع الفرقان، مولانا مفتی عرفان احمد قاسمی زمزم جوائنٹ کنوینر مسلم پرسنل لاء کمیٹی کاماریڈی، اور مولانا شیخ احمد مظاہری مدرسہ منیر الہدیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے وقف قانون 2025 اور یکساں سول کوڈ جیسے خطرناک عزائم کے خلاف جاری پرامن تحریکات کا ایک حصہ ’بتی گل احتجاج‘ بھی ہے، جو دراصل ایک مہذب، علامتی اور بیداری پیدا کرنے والا اقدام ہے۔ مقررین نے کہا کہ 30 اپریل کو شب 9 بجے سے 9:15 بجے تک گھروں، دکانوں، کارخانوں اور اداروں کی روشنیاں بند کر دینا ایک خاموش مگر مؤثر پیغام ہے کہ ملت اسلامیہ اپنے دینی تشخص، شریعت اور اوقاف کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے اور کسی بھی سازش کے سامنے خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھے گی۔ مقررین نے وضاحت کی کہ بتی گل کرنا کوئی بزدلی نہیں بلکہ یہ اعلان ہے کہ اگر ہمارے دین پر اندھیرا مسلط کیا گیا تو ہم احتجاج کے لئے اپنے گھروں کو اندھیرے میں ڈال کر یہ ظاہر کریں گے کہ ہم بیدار ہیں، متحد ہیں، اور پرامن جدوجہد کے لئے تیار ہیں۔ اس موقع پر الحاج میر فاروق علی صدر قبرستان کمیٹی و کارگزار صدر جامع مسجد مرکز، مولانا سید منظور احمد مجلس تحفظ ختم نبوت، عبدالمتین مسجد رضوان، مولانا نظرالحق صدر جمعیۃ علماء منڈل کاماریڈی، محمد پاشاہ مسجد خالد بن ولید، قاری مجاہد صدیقی، محمد بدرالدین پاشاہ وحیدیہ مسجد، حافظ محمد یوسف حلیمی انور صدر مسجد نور، الحاج سید عظمت علی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع کاماریڈی، الحاج میر مبشر علی عامر آرگنائزر ضلع حج سوسائٹی، محمد معز اللہ مسجد امام الدین، الحاج غلام احمد، محمد فیروز الدین پریس سکریٹری، محمد سلیم الدین سابق کونسلر، محمد امجد سابق کونسلر، محمد پاشاہ، مرزا حفیظ بیگ سابق فلور لیڈر، محمد اعجاز چاوش مسجد منور، محمد اظہر کنڈیکٹر اسلام پورہ سمیت دیگر علماء، حفاظ اور معززین نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے عامۃ المسلمین سے اپیل کی کہ وہ نمازوں کے بعد مساجد میں اس تحریک کا اعلان کریں، ہر علاقے کے بااثر ذمہ داران سے مشاورت کریں اور نوجوانوں کو آمادہ کریں کہ وہ دردمندی اور محبت کے ساتھ عوام تک اس پیغام کو پہنچائیں اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کیا جائے تاکہ یہ احتجاج قومی سطح پر ایک مضبوط آواز بن کر اُبھرے۔ شرکاء نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ وقف قانون 2025 ملت اسلامیہ کے لئے ناقابل قبول ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس قانون کو فوری طور پر واپس لے۔ علماء نے امید ظاہر کی کہ ملک کے انصاف پسند شہری بھی اس ’بتی گل تحریک‘ میں شریک ہو کر نہ صرف اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں معاون بنیں گے بلکہ ایک عظیم آئینی جدوجہد میں بھی اپنا حصہ ادا کریں گے۔