ایک بجے دن روانگی ۔ پولیس کے وسیع انتظامات
حیدرآباد۔/19 اگسٹ ( سیاست نیوز) پرانے شہر میں تاریخی بی بی کے علم کا جلوس کل جمعہ 20 اگسٹ کو نکالا جائیگا ۔ یوم عاشورہ کے موقع پر ٹھیک ایک بجے دن الاوہ بی بی سے علم بی بی کا جلوس روانہ ہوگا ۔ جلوس کی روانگی سے قبل 12 بجے دن مجلس پرسہ منعقد ہوگی ۔ جلوس براہ بنگلہ بینی صاحب ‘ کمان شیخ فیض ‘ اعتبار چوک ‘ کوٹلہ عالیجاہ ‘ چارمینار ‘ گلزار حوض ‘ پنجہ شاہ ‘ قدم رسول ‘ منڈی میر عالم ‘ پرانی حویلی ‘ دارالشفاء سے ہوتا ہوا مسجد الہی چادر گھاٹ پہونچے گا اور وقت مغرب علم ٹھنڈے کئے جائیں گے ۔ دوران جلوس بی بی کے الاوہ سے مسجد الہی چادر گھاٹ تک جملہ 24 ماتمی انجمنیں ماتم کا نذرانہ پیش کرینگی ۔ علم ٹھنڈا کرنے کے مقام پر بھی مجلس پرسہ منعقد ہوگی اور سینہ زنی کی جائے گی ۔ کمشنر پولیس انجنی کمار چارمینارپر بی بی کے علم کو ڈھٹی پیش کریں گے ۔ اسی طرح خانوادہ نظام کی جانب سے پرانی حویلی پر ڈھٹی پیش کی جائے گی ۔ پولیس کی جانب سے بی بی کے علم کے جلوس کیلئے وسیع تر بندوست کیا گیا ہے ۔ جلوس کے پرسکون انعقاد کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اڈیشنل کمشنر ڈی ایس چوہان نے آج جلوس گذرنے کے مقامات کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اسی طرح ٹریفک پولیس کی جانب سے جلوس گذرنے کے مقامات پر ٹریفک تحدیدات بھی عائد رہیں گی ۔