آج تمام تعلیمی اداروں میں وندے ماترم گایا جائے

   

حکومت تلنگانہ کے احکام ۔ عوامی سطح پر بھی اہتمام کی ہدایت
حیدرآباد 6 نومبر ( سیاست نیوز ) حکومت تلنگانہ نے 7 نومبر کو وندے ماترم گیت کے 150 سال کی تکمیل کے موقع پر یہ گیت گائے جانے احکام جاری کئے ہیں۔ چیف سکریٹری کے راما کرشنا راؤ نے احکام جاری کرتے ہوئے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت جاری کی کہ وہ 7 نومبر کو 10 بجے دن اس گیت کے گائے جانے کا اہتمام کریں۔ عوامی سطح پر یہ گیت گایا جانا چاہئے ۔ ان احکام پر سختی سے عمل کرنے کی دہایت جاری کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں میں چاہے وہ سرکاری ہوں ‘ مجالس مقامی کے تحت ہوں ‘ امدادی ہوں یا مسلمہ خانگی تعلیمی ادارے ہوں ان سب میں بھی 10 بجے دن یہ گیت اجتماعی طور پر گایا جانا چاہئے ۔کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام ایچ او ڈیز ‘ عہدیداروں اور تعلیمی اداروں کو اس سلسلہ میں احکام جاری کریں۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں کیلئے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ یہ گیت گائے جانے کی تقریب کی رپورٹ اور تصاویر بھی 7 نومبر کی شام تک حکومت کو پیش کریں۔