محکمہ موسمیات سے مختلف اضلاع کیلئے آرینج و ایلو الرٹ جاری
حیدرآباد۔ 26 اپریل (سیاست نیوز) آئندہ دو دنوں میں تلنگانہ میں مختلف موسمی حالات دینے والے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہیکہ تیز دھوپ کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔ خلیجی بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کی وجہ سے تلنگانہ کے کئی حصوں میں 27 اپریل کو بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہفتہ کو تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بارش، گرج چمک، تیز ہواؤں اور بجلی گرنے کے امکان سے خبردار کیا تھا۔ آئی ایم ڈی نے کئی اضلاع کے لئے آرینج الرٹ بھی جاری کیا ہے جس میں 50 سے 60 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا انتباہ دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اضلاع پداپلی، جئے شنکر بھوپال پلی، ملگ، بھدرادری گتہ گوڈم اور کھمم کے لئے آرینج الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو چوکنا رہنے کو کہا ہے۔ دوسری طرف اضلاع عادل آباد، کمرم بھیم، آصف آباد، نرمل، نظام آباد، جگتیال، منچریال، کاماریڈی، راجنا سرسلہ، کریم نگر، یادادری بھونگیر، محبوب نگر کے لئے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ان اضلاع میں 40 تا 50 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے حیدرآباد کے علاوہ اس کے اطراف و اکناف کے اضلاع میں بھی بارش ہونے کے امکانات کا اظہار کیا ہے۔ اضلاع حیدرآباد، سنگاریڈی، وقار آباد، رنگاریڈی، یادادری بھونگیر میں بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے۔ 2