حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) شہر میں کل سری رام نومی جلوس کے پیش نظر پولیس نے سخت گیر صیانتی انتظامات کئے ہیں۔ جلوس اور جمعہ کے پیش نظر پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ۔ جلوس کی گذر گاہوں و مرکزی جلوس میں ملنے والے جلوسوں پر سخت نظر رکھی جارہی ہے۔ شہر کے حساس اور انتہائی حساس علاقوں کو پولیس نے عملاً گھیرے میں لے لیا ہے۔ ٹریفک تحدیدات عائد کردی گئیں ۔ تقریباً 3 ہزار پولیس ملازمین و پولیس کے خصوصی دستوں کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے۔ ٹاسک فورس گرے ہاؤنڈس، ریاپڈ ایکشن فورس، آکٹوپس و اسپیشل پولیس و پولیس کی تعیناتی کی گئی ہے۔ رام نومی جلوس کے پیش نظر سٹی پولیس سے اقلیتی طبقہ کی عبادت گاہوں، درگاہوں، چھلوں کو ڈھانک دیا گیا اور جمعہ اور جلوس کے اوقات کو دیکھتے ہوئے سخت چوکسی اختیار کی جارہی ہے۔ حساس اور انتہائی حساس علاقوں میں پولیس دستے پہنچ گئے ہیں اور حالات پر نظر رکھ کر حالات کو بگاڑنے اور پرامن ماحول میں خلل انداز و امن کی فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش کے خلاف کارروائی کی پولیس نے وارننگ دی ۔ امکان ہے کہ ایک بجے جلوس کا سیتا رام باغ سے آغاز ہوگا جو بھوئی گوڑہ کمان، دھول پیٹ، جالی ہنومان، پرانا پل، جمعرات بازار، چوڑی بازار اور بیگم بازار چھتری سے ہوتا ہوا سدی عنبر بازار، پتلی باؤلی کے ذریعہ ہنومان ٹیکری 7 کیلومیٹر یاترا نکالی جائے گی۔ جلوس میں شامل چھوٹے جلوسوں اور ان کی گذر گاہوں پر پولیس نے بندوبست کیا ہے ، واپسی کے دوران ناخوشگوار واقعہ کو روکنے اور شرانگیزی کے خلاف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ یاترا میں ایک لاکھ سے زائد عوام کی شرکت کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ پولیس نے 250 سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی اور انہیں کمانڈ کنٹرول سے جوڑا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈرونس کا استعمال بھی کیا جارہا ہے۔ پرانے شہر کے انتہائی حساس علاقوں میں رات سے گشت بڑھا دی گئی ہے۔ یاترا کے موقع پر نامپلی، افضل گنج، گاؤلی گوڑہ، دھول پیٹ، بیگم بازار، سلطان بازار میں ٹریفک تحدیدات پر عمل کیا جائے گا۔ع