آج روسی حملے کا خدشہ، یوکرین کا یومِ اتحاد منانے کا اعلان

   

کیف ۔ روس کی جانب سے یوکرین پر 16 فروری کو حملے کے خدشے کے پیشِ نظر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بدھ کو یومِ اتحاد منانے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب ماسکو نے کہا ہے کہ وہ بحران کی اس صورتِ حال میں مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یوکرین کے صدر نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ چہارشنبہ کو قومی پرچم تھامے قومی ترانہ پڑھ کر اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ ولادیمیر زیلنسکی نے یہ اعلان ایسے موقع پر کیا ہے جب مغربی ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ روس 16 فروری کو یوکرین پر چڑھائی کر دے گا۔ زیلنسکی نے مغربی میڈیا کی خبروں پر کہا کہ وہ ہمیں کہتے ہیں کہ 16 فروری حملے کا دن ہو گا لیکن ہم اس دن کو اتحاد کا دن بنا دیں گے۔