آج سالانہ اجلاس میں ٹسٹ کرکٹ کا مستقبل اہم موضوع

   

دبئی، 16 جولائی (آئی اے این ایس)۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا سالانہ اجلاس جمعرات کو سنگاپور میں شروع ہوگا، جہاں ٹسٹ کرکٹ کے مستقبل اور ٹی20 ورلڈ کپ میں مزید توسیع جیسے اہم موضوعات زیرِ بحث آئیں گے۔ یہ اجلاس آئی سی سی کے نئے چیئرمین جے شاہ اور سی ای او سنجوگ گپتا کی سرپرستی میں پہلا اجلاس ہوگا۔ اجلاس میں سب سے اہم معاملہ دو سطحی ٹسٹ کرکٹ نظام پر بحث ہوگا، جس پر کرکٹ حلقوں میں ملی جلی آرا پائی جاتی ہیں۔ متوقع طور پر ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنلزکو آئندہ بھی انگلینڈ میں کروانے کی توثیق ہو سکتی ہے۔ اگرچہ ونڈے ورلڈ کپ میں توسیع پر فیصلہ نہیں ہوگا، لیکن ٹی20 ورلڈ کپ کو مستقبل میں 20 سے بڑھا کر 24 ٹیموں تک وسعت دی جا سکتی ہے۔ یہ فیصلہ 2028 لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی اور اٹلی جیسے ابھرتے ممالک کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا جا رہا ہے، اٹلی نے 2026 کے ٹی20 ورلڈکپ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ اس کے علاوہ، 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے امریکہ مرحلے کی مالی جانچ پر بھی رپورٹ پیش ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر نیو یارک کے ناسو کاؤنٹی اسٹیڈیم کی تعمیر اور خرچ پر تنقید ہوئی، جہاں ہندوستان ۔ پاکستان کا میچ بھی کھیلاگیا۔ انہی مالی تنازعات کو سابق سی ای او جیف ایلرڈائس کے استعفے کی بڑی وجہ بتایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹیوزکمیٹی کے انتخابات بھی ہوں گے، جہاں اسوسی ایٹ ممالک کے تین نمائندے منتخب کیے جائیں گے۔