1495 امتحانی مراکز ، 9.97 لاکھ طلبہ شرکت کریںگے
حیدرآباد ۔24 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ 25 فروری سے 18 مارچ تک صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا۔ پانچ منٹ تاخیر سے پہنچنے والے طلبہ کو امتحانی ہال میں حاضر ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انٹر بورڈ کے سکریٹری ادتیہ نے کہا کہ امتحانات کے انعقاد کے لئے 1495 امتحانی سنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ جملہ 9.97 لاکھ طلبہ امتحانات میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہال ٹکٹس پر کیو آر کوڈ شائع کیا گیا ہے۔ طلبہ اس کی مدد سے آسانی سے امتحانی مراکز تک پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف وجوہات کی وجہ سے فیس ادا نہ کرنے والے 300 طلبہ کو بھی امتحانات میں شرکت کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ پرائمری اسکولس کے ٹیچرس کو انٹر میڈیٹ امتحانات کی ڈیوٹی سے استثنیٰ دیا گیا ہے ۔2