نئی دہلی : ہندوستانی عوام پٹرولیم اشیاء اور گیس سلنڈرس کی قیمتوں میں اضافہ سے پہلے ہی پریشان تھے کہ اب انہیں کل یکم ؍ اپریل سے مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ روزمرہ کے استعمال میں آنے والی اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کیا جارہا ہے۔ نئے مالی سال میں دودھ، برقی، ایئرکنڈیشنر، موٹرسائیکل، اسمارٹ فون اور ہوائی سفر مہنگا ہوگا۔ الیکٹرانک آلات کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس طرح عام آدمی کو مہنگائی کا جھٹکا لگنے والا ہے۔ پچھلے 8 مہینوں میں ٹیلیویژن کی قیمت میں 3 سے 4 ہزار روپئے کا اضافہ ہوا ہے اور اب یکم ؍ اپریل سے ٹی وی کی قیمتوں 2 سے3 ہزار روپئے کا مزید اضافہ ہوگا جبکہ یکم ؍ اپریل سے اے سی اور فریج کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ کمپنیاں خام تیل کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے اے سی کی قیمتوں میں اضافہ کیلئے تیار ہیں۔ اسی دوران مرکزی حکومت نے ڈومیسٹک پروازوں کے کرایوں میں کم سے کم 5 فیصد اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ہوابازی کی سیکوریٹی کی فیس بڑھ رہی ہے۔ اس کے علاوہ دودھ کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ ہونے والا ہے۔