٭ لاک ڈاؤن میںموبائیل فونس ، گارمنٹس ، ہارڈویر ، اسٹیشنری کی شاپس کھولے جاسکتے ہیں، مارکٹس پر پابندی برقرار
٭ دیہات میں شاپنگ مالس کے سواء تمام دوکانات کی آج سے کشادگی : مرکزی حکومت کا فیصلہ
نئی دہلی ۔ /25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے قومی سطح پر /25 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں عوام کیلئے بڑی سہولت کا فیصلہ کرتے ہوئے آج کہا کہ رہائشی علاقوں میں پڑوس کی دوکانات اور گارمنٹس یعنی پارچہ جات کی فروخت ، موبائیل فونس ، ہارڈویئر اور اسٹیشنری ایٹمس فروخت کرنے والے شاپس اتوار /26 اپریل سے کھلے رکھے جاسکیں گے لیکن عام بازاروں ، مالس اور کووڈ۔19 ہاٹ اسپاٹ نیز کنٹیمنٹ زونس میں واقع کوئی بھی شاپ کو /3 مئی تک کھولنے کی اجازت نہیں رہے گی ۔ دیہی علاقوں میں سنگل اور ملٹی برانڈ شاپنگ مالس کو چھوڑکر تمام دوکانات کھولنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ /24 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن کے دوران یہ اقدام عوام کیلئے بلاشبہ راحت ہے ۔ حکومت نے دوکانات کے تعلق سے یہ استثنائی احکام جاری کرتے ہوئے جمعہ کی رات کہا کہ شاپس 50 فیصدی افرادی قوت (اسٹاف) کے ساتھ کام کریں گے اور انہیں احتیاطی تدابیر کی سختی کے ساتھ تامل کرنا ہوگا ۔ جیسے سماجی فاصلہ برقرار رکھنا اور ماسک استعمال کرنا ۔ مرکزی وزارت داخلہ نے یہ بھی کہا کہ مالس ، شراب اور سگریٹ کی دوکانیں ، غیرضروری اشیاء کی ای کامرس پلیٹ فارمس کے ذریعہ فروخت بدستور بند رہے گی ۔ ریسٹورنٹس ، ہیر سیلونس اور باربر شاپس کو بھی کھولنے کی ابھی اجازت نہیں دی جارہی ہے کیونکہ یہ سرویس کے تحت آتے ہیں اور شاپ کیٹگری میں ان کا احاطہ نہیں ہوتا ۔ /15 اپریل کے اپنے حکم نامہ میں ترمیم کرتے ہوئے مرکزی معتمد داخلہ اجئے بھلا نے آج رات کہا کہ گھروں کے پڑوس میں واقع چھوٹی دوکانات اور ایسی شاپس جو انفرادی طور پر واقع ہوں یعنی ان کے ساتھ دوکانات کا سلسلہ نہ ہو ۔ نیز ریسیڈنشیل کامپلکس میں واقع شاپس کو جو میونسپل کارپوریشنس اور بلدیات کے حدود میں آتے ہیں ان کو لاک ڈاؤن کے دوران کھولنے کی اجازت رہے گی ۔ میونسپل کارپوریشن اور بلدیات متعلقہ ریاست اور مرکزی علاقہ کے قانون ، دوکانات و ادارہ جات کے تحت رجسٹر ہونا چاہئیے ۔ یہ بلدی حدود کے باہر واقع رجسٹرڈ مارکٹس کی دوکانات سماجی فاصلے کی مشق اور ماسک لگانے کی مستقل عادت کے ساتھ 50 فیصد اسٹاف کو لیکر کام کرسکتے ہیں ۔ تاہم سنگل اور ملٹی برانڈس کے مالس یا شاپس ان علاقوں میں بھی بدستور بند رہیں گے ۔ ہفتہ کے بیان میں ہوم منسٹری نے مزید وضاحت کردی کہ /15 اپریل کے حکمنامہ میں ترمیم کے نتیجہ میں دیہی علاقوں کی تمام دوکانات اتوار /26 اپریل سے کھولی جاسکتی ہیں سوائے شاپنگ مالس ۔ شہری علاقوں میں تنہا قائم تمام شاپس ، محلوں میں واقع دوکانات اور رہائشی عمارتوں میں واقع دوکانات کو کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے ۔ اس استثنیٰ یا سہولت سے عام بازاروں کی دوکانات اور مارکٹ ، کامپلکس نیز شاپنگ مالس فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے اور وہ بدستور بند رہیں گے ۔ ای کامرس کمپنیوں کے تعلق سے بھی واضح کردیا گیا کہ وہ صرف لازمی اشیاء ہی فروخت کرسکیں گے ۔ شراب اور دیگر ایٹمس کی فروخت ممنوع ہے جیسا کہ کووڈ۔19 کے ضمن میں قومی سطح پر ہدایات جاری کی جاچکی ہیں ۔ سگریٹس اور گٹکا وغیرہ کی فروخت پر لاک ڈاؤن کے دوران بدستور پابندی رہے گی ۔ آج کے پورے راحتی حکمنامہ میں جن شاپس کو اتوار سے کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے وہ کنٹینمنٹ زونس کیلئے قابل عمل نہیں ہوگی ۔ یعنی ایسے زونس میں ان دوکانات کو بدستور بند رکھنا پڑے گا ۔ وزیراعظم مودی نے کورونا وائرس وباء سے لڑنے /24 مارچ کو لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جس میں /3 مئی تک توسیع دی گئی ۔ (ابتدائی خبر صفحہ 3 پر)
