تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین منیٰ منتقل،ہندوستانی سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید کی راست نگرانی
حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) حج 2019 کیلئے مناسک حج کا کل جمعہ سے آغاز ہوگا اور عازمین حج کو مکہ مکرمہ کی عمارتوں سے منیٰ منتقل کردیا گیا ہے۔ تمام ہندوستانی عازمین حج جو عزیزیہ، گرین اور رباط زمرے سے تعلق رکھتے ہیں انہیں آج رات خصوصی بسوں کے ذریعہ منیٰ میں ان کے مختص کردہ کیمپس کو بھیج دیا گیا۔ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے 5 ریاستوں کے تمام عازمین حج خیریت سے ہیں اور وہ منیٰ میں صبح سے مناسک حج کے آغاز کا انتظار کررہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق احرام میں ملبوس عازمین تلبیہہ کا ورد کرتے ہوئے منیٰ کیلئے روانہ ہوئے۔ حیدرآباد سے تلنگانہ، آندھرا پردیش، کرناٹک ، مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو کے عازمین کی روانگی عمل میں آئی تھی۔ مکہ مکرمہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق انڈین حج مشن کے عہدیدار عازمین حج کی منیٰ منتقلی کی راست نگرانی کررہے ہیں۔ عازمین کے معلمین اور ان کے معاونین کی جانب سے منیٰ اور عرفات کے انتظامات کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ خادم الحجاج نے عازمین حج میں قربانی کا ٹوکن اور منیٰ اور عرفات کے ٹینٹس نمبرس کی تفصیلات حوالے کردی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ضعیف العمر عازمین کیلئے وہیل چیر کا انتظام کیا گیا ہے۔ انڈین حج مشن کے ذرائع نے بتایا کہ حج 2019 کیلئے ہندوستان سے 507 خصوصی پروازوں کے ذریعہ ایک لاکھ 39 ہزار 987 عازمین حج سعودی عرب پہنچے ہیں۔ خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ 50788 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید اور کونسل جنرل نورالرحمن شیخ ہندوستانی عازمین کے انتظامات کی راست نگرانی کررہے ہیں۔ ہندوستان سے جاریہ سال 269 حج آفیسرس، 170 ڈاکٹرس اور 181 پیرا ملٹری اسٹاف کو عازمین کی خدمت کیلئے مامور کیا گیا ہے۔ منیٰ اور عرفات خوبصورت شہروں میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ حکومت سعودی عرب کی جانب سے ان مقامات پر عازمین کی سہولت کا بطور خاص خیال رکھا گیا ہے۔ 10 اگسٹ کو وقوف عرفات ہوگا۔ منیٰ اور عرفات میں عازمین کو معلم کی جانب سے کھانا سربراہ کیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق تاحال ہندوستان کے 32 عازمین حج کا انتقال ہوا جن میں 4 کا تعلق خانگی ٹور آپریٹرس سے ہے۔ مکہ مکرمہ میں موسم گرم ہے اور درجہ حرارت 38 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے خادم الحجاج نے بتایا کہ عزیزیہ اور گرین زمرے کی عمارتوں کے علاوہ حیدرآبادی رباط کے عازمین انتظامات سے مطمئن ہیں۔ حیدرآبادی رباط میں ناظر حسین محمد الشریف کی راست نگرانی میں انتظامات کئے گئے۔ رباط میں قیام کرنے والے عازمین کیلئے حج کے دوران بسوں کا انتظام رہے گا جبکہ دیگر عازمین حج ٹرین کی سہولت سے استفادہ کرپائیں گے۔