چنڈی گڑھ: پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان نے کہا کہ موہالی ہوائی اڈے پر 4 دسمبر کو شہید اعظم بھگت سنگھ کے مجسمے کی نقاب کشائی کی جائے گی۔بھگونت مان مان نے یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی شہید بھگت سنگھ کے نام پر سیاست نہیں کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نقاب کشائی کا پروگرام 28 ستمبر کو شہید اعظم کے یوم پیدائش پر ہونا تھا، لیکن موہالی کے ایک گاؤں میں پنچایتی انتخابات کی وجہ سے مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے پروگرام کو ملتوی کرنا پڑا۔ اس دوران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کچھ کارکنوں کو ایئرپورٹ چوک پر روک کر حراست میں لے لیا گیا۔ بی جے پی کی طرف سے دیا گیا ’72 گھنٹے کا الٹی میٹم‘ پیر کی صبح ختم ہونے کے بعد کارکن مجسمہ کی نقاب کشائی کے لیے وہاں پہنچے تھے ۔ بی جے پی لیڈر فتح جنگ باجوہ نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ اگر پیر کی صبح تک مجسمے کی نقاب کشائی نہیں کی گئی تو پارٹی کارکنان اور رہنما خود اس کی نقاب کشائی کریں گے۔