تجربہ کار عہدیداروں کی حساس مقامات پر تعیناتی ۔ کمشنر پولیس انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر میں مرکزی گنیش جلوس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ۔ پولیس نے گنیش وسرجن کیلئے سخت صیانتی انتظامات کیے ہیں ۔ سٹی پولیس کے علاوہ دیگر سرکاری محکموں کیلئے کمانڈ کنٹرول سے نگرانی اور خدمات کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ جلوس کی گذر گاہوں اور حساس مقامات پر تجربہ کار پولیس عہدیداروں کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ شہر میں خدمات کا تجربہ رکھنے والے عہدیداروں کو حساس اور انتہائی حساس مقامات کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ ایک پریس کانفرنس کو مخاطب میںپولیس کمشنر انجنی کمار نے بتایا کہ جلوس کیلئے سخت حفاظتی انتظامات ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 17 ہزار ملازمین و اعلیٰ عہدیدار متعین رہیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ ایکسیس کنٹرول ٹیم کو تعینات کیا گیا ہے ۔ میٹل ڈیکٹر موبائل ڈیکٹر کے علاوہ بم اسکواڈ اور 24 اسنیفر ڈاگ کو تیار رکھا گیا ہے ۔ گرے ہاونڈس اور آکٹوپس جیسی فورس کے علاوہ تلنگانہ اسٹیٹ پولیس بٹالین بھی تعینات رہیں گی ۔ سٹی کمشنر نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن ، بس اسٹیشن ، ہوٹلس ، شاپنگ مالس و رسٹورنٹس پر خصوصی نظر رکھی گئی ۔ جاریہ سال 9 ہزار مورتیوں کو بار کوڈ جاری کیا گیا اور گاڑیوں کی جیو ٹیاگنگ کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ بلدیہ ، واٹر بورڈ ، آر اینڈ بی و دیگر محکموں کیلئے پولیس کمانڈ کنٹرول رومس سے نگرانی اور خدمات کا موقع فراہم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حسین ساگر کے علاوہ میر عالم ٹینک ، سرور نگر ٹینک ، راجنا باولی ، شیخ پیٹ ، ایرہ کنٹہ ، سفیل گوڑہ اور حشمت پیٹ میں بھی وسرجن انتظامات کئے گئے ہیں ۔ بالا پور تا حسین ساگر 17 کیلو میٹر فاصلہ طئے کرنے اور مورتیوں کی جلد منتقلی کیلئے ذمہ داروں سے بات کی گئی اور ان سے درخواست کی گئی ۔ پرانے شہر میںسخت چوکسی اختیار کی جارہی ہے چونکہ پیر کو وسرجن نہیں کیا جائے گا اس لئے اتوار کی رات تمام مورتیوں کا وسرجن کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔