آج ممبئی میں قومی حج کانفرنس کا انعقاد

   

نئی دہلی، 21 نومبر (یواین آئی) حج 2026 کی تیاریوں کا جامع جائزہ لینے کیلئے اقلیتی امور کی وزارت ہفتہ کو ممبئی میں ایک قومی حج کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے ۔ وزارت نے آج اعلان کیا کہ قومی حج کانفرنس کی صدارت وزارت کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر کمار کریں گے اور اس میں تمام ریاستی اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں کے ایگزیکٹو افسران شرکت کریں گے ۔ وزارت نے کہا کہ ہندوستان ہر سال 175,000 سے زیادہ عازمین حج بھیجتا ہے اور حکومت تمام ہندوستانی عازمین حج کے لیے ایک محفوظ، ہموار اور باوقار سفر کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے ۔ کل کی کانفرنس ریاستی/یونین ٹیریٹری حج کمیٹیوں اور حج کمیٹی آف انڈیا کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرے گی۔ کانفرنس کا مقصد حج کے دوران کوتاہیوں کی نشاندہی کرنا، طریقہ کار کو ہموار کرنا اور ایجنسیوں کے درمیان تعاون کو بڑھانا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ حج 2026 حفاظت، کارکردگی اور دیکھ بھال کے اعلیٰ ترین معیارات کے ساتھ منعقد کیا جائے۔
وزارت نے اقلیتی برادریوں کی بہبود اور تمام ہندوستانی عازمین حج کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔