آج ٹی آر ایس پلینری اجلاس، صدر کے طور پر کے سی آر کے نام کا رسمی اعلان

,

   

6000 مندوبین کی شرکت متوقع، 29 اقسام کی ڈشیس سے لنچ کا اہتمام، سارا علاقہ گلابی رنگ میں
حیدرآباد۔/24 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) برسراقتدار ٹی آر ایس کے قیام کے 20 سال کی تکمیل کے موقع پر پارٹی پلینری انعقاد کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ کل 25 اکٹوبر کو ہائی ٹیکس میں پارٹی پلینری میں 6000 مندوبین شرکت کریں گے۔ کورونا وباء کے پیش نظر پارٹی نے صرف مندوبین کو شرکت کی اجازت دی ہے اور وہی قائدین شرکت کرپائیں گے جنہیں پارٹی کی جانب سے دعوت نامہ جاری کیا گیا۔ پلینری کے انتظامات کی نگرانی ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کررہے ہیں ۔ پروگرام کے مطابق مندوبین کیلئے 35 کاؤنٹرس قائم کئے جارہے ہیں۔ پہلا سیشن صبح 11 تا ایک بجے دن رہے گا جبکہ دوپہر 2 تا شام 5 بجے دوسرا سیشن ہوگا۔ پلینری کے آغاز پر پارٹی کے نئے صدر کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ صدارتی چناؤ میں صرف ایک پرچہ نامزدگی داخل ہوا ہے جو کے چندر شیکھر راؤ کا ہے۔ انہیں دوبارہ پارٹی صدر منتخب کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے رسمی طور پر اعلان کیا جائے گا۔ پلینری کے اطراف و اکناف اور راستوں میں ٹی آر ایس کے پرچم، فلیکسی اور قائدین کے کٹ آؤٹس لگائے گئے ہیں اور سارا علاقہ گلابی رنگ میں رنگ دیا گیا ہے۔ اسی دوران رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار نے آج ہائی ٹیکس کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیام کے دو دہوں کی تکمیل کو تہوار کے طور پر منایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مندوبین کیلئے پاسیس جاری کردیئے گئے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی، سابق میئر بی رام موہن اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ سنتوش کمار نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں پارٹی نے 20 سال کا طویل سفر طئے کیا ہے اور اس میں اہم کارنامہ علحدہ ریاست کی تشکیل ہے۔ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ نے ہر شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے۔ اسی دوران پولیس نے ٹی آر ایس پلینری کے پیش نظر ہائی ٹیکس اور اس کے اطراف ٹریفک تحدیدات عائد کی ہیں۔ ہائی ٹیکس کے راستوں پر عام ٹریفک کا رُخ دوسری جانب موڑ دیاگیا ہے۔ ریاستی وزیر ایکسائیز وی سرینواس گوڑ، ریاستی وزیر برقی جگدیشور ریڈی اور دیگر قائدین نے ہائی ٹیکس کا دورہ کرتے ہوئے پلینری کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ میئر حیدرآباد وجئے لکشمی، ارکان اسمبلی اے گاندھی، کرشنا راؤ اور دوسرے موجود تھے۔ مندوبین کیلئے لنچ میں تقریباً 29 اقسام کے ڈشیس کا انتظام کیا گیا ہے جن میں ویج اور نان ویج ڈشیس کے علاوہ ہمہ اقسام کے میٹھے شامل رہیں گے۔ر