راولپنڈی : لگاتاردو میچ ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم چمپئنز ٹرافی2025 سے باہر ہوگئی ہے۔ بنگلہ دیش کی بھی یہی صورتحال ہے لیکن یہ دونوں ٹیمیں اپنی مہم کے آخری مقابلے میں اب آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں اپنے آخری گروپ میچ میں27 فروری کو ٹکرائیں گے۔ پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم اس میچ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان ٹیم میں مزید تبدیلیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔ بابر اعظم مسلسل ناکام ہو رہے ہیں۔ ہندوستان کے خلاف بھی وہ صرف 23 رنز بنا سکے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ان کے باہر ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ بابر کے باہر ہونے کی صورت میں کامران غلام دوسرے اوپنر امام الحق کے ساتھ اننگزکا آغازکر سکتے ہیں۔ تیسرے نمبر پر سعود شکیل آئیں گے جنہوں نے ہندوستان کے خلاف نصف سنچری اسکورکی تھی۔ کپتان اور وکٹ کیپر محمد رضوان چوتھے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔ اس کے بعد نائب کپتان سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ کی جگہ بھی برقرار تصورکی جارہی ہے۔ خوشدل نے نیوزی لینڈ کے خلاف 69 اور ہندوستان کے خلاف 39گیندوں میں 38 رنز بنائے تھے اور ایک وکٹ بھی حاصل کی تھی۔