آج گروپ I پریلمنری امتحان تمام تیاریاں مکمل

   

ریاست کے 33 اضلاع میں 994 مراکز پر امتحان کا انعقاد، قواعد پر سختی سے عمل
حیدرآباد ۔ 10 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے اتوار کو منعقد ہونے والے گروپ I پریلیمنری امتحان کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہے۔ 15 منٹ قبل امتحانی مراکز کے گیٹس بند کردیئے جائیں گے۔ امیدواروں کو جوتوں کے بجائے چپل پہن کر آنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ گروپ I امتحان کیلئے ریاست کے 33 اضلاع میں 994امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ماضی میں پرچہ افشاء ہونے کے پیش نظر اس مرتبہ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان امتحان کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں ابھی تک کلکٹرس، ایس پیز پولیس کمشنر کے ساتھ کئی اجلاس منعقد کئے گئے ہیں۔ اس مرتبہ امتحان کیلئے اتھاریٹی آفیسرس کی حیثیت سے کلکٹرس اور چیف کوآرڈینیٹرس کی حیثیت سے سب کلکٹرس کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ امتحانی مراکز میں چیف سپرنٹنڈنٹ کی ذمہ داری نبھانے کیلئے 1995 افراد کو خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ ان کے ساتھ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن بی جناردھن ریڈی، سکریٹری انیتا رامچندرن اور امتحانی شعبہ کے اسپیشل آفیسر بی ایل سنتوش نے زوم میٹنگ کا انعقاد کرتے ہوئے امتحانی مراکز کے انتظامات امتحان کے انعقاد کے علاوہ دیگر امور کا جائزہ لیا ہے۔ گروپ I کی 503 جائیدادوں کیلئے گذشتہ سال 26 اپریل کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ 16 اکٹوبر کو امتحان کا انعقاد کیا گیا۔ اس وقت امتحان میں شرکت کرنے کیلئے درخواستیں داخل کرنے والے جملہ 3,80,032 امیدواروں کو 11 جون کو منعقد ہونے والے امتحان میںشرکت کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ جمعہ کی رات تک 2,85,000 امیدواروں نے ہال ٹکٹس کو ڈاؤن لوڈ کرلیا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے امیدواروں کو مقررہ وقت سے دو گھنٹے قبل امتحانی مراکز پہنچ جانے پر زور دیا۔ امتحانی مراکز میں سی سی کیمرے تنصیب کئے گئے ہیں۔ بائیومیٹرک نظام پر عمل کیا جارہا ہے۔ جمبلنگ سسٹم کے تحت پرچہ سوالات تیار کئے گئے ہیں۔ن